قائداعظم یونیورسٹی میں اپلائیڈ زولوجی کانفرنس کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

بدھ 24 نومبر 2021 17:53

اسلام آباد۔24نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 24 نومبر2021ء) :قائداعظم یونیورسٹی نے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد اور اپلائیڈ زولوجیکل سوسائٹی آف پاکستان کے اشتراک سے دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ وفاقی وزیربرائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ جناب سید فخر امام نے کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوان سائنسدانوں ٗ اساتذہ ا ور محققین پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور معاشی اور قومی ترقی کے چیلنجز کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح سائنس ٗٹیکنالوجی اورانسانی وسائل کی ترقی میں سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے جدید علوم میں تحقیق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین کی ترقی ہمارے لئے ایک مثال ہے جنہوں نے انسانی وسائل کو ترجیح دی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اگرہم نے دنیا کا مقابلہ کرنا ہے تو ہمیں زمینی حقائق پر نظررکھنا ہوگی اور عالمی معیار کی جامعات قائم کرنا ہوں گی۔قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلراور اپلائیڈ زولوجیکل سوسائٹی پاکستان کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے اپنے استقبالیہ خطبے میں مہمان خصوصی سید فخر امام ٗ مہمان اعزازٗ محققین ٗ منتظمین اور اساتذہ سمیت تمام معزز مہمانوں اور سائنسدانوں کا شکریہ ادا کیا۔

انہو ں نے کہا کہ اپلائیڈ زولوجی کانفرنس 2021ء قومی و بین الاقوامی زولوجسٹ ٗ سائنسدانوں اور الائیڈ ہیلتھ کے پیشہ ور افراد کی نمائندگی کرتی ہے۔ اپلائیڈ زولوجی سوسائٹی پاکستان کے اراکین کے مابین پیشہ ورانہ تبادلہ خیال اورتعلیم و تعاون کے لئے ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے جس کا مقصد ملک میں بائیو سائنسز کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو روزہ کانفرنس اپلائیڈ زولوجیکل کے شعبے میں جدید علم اور اس کے دلچسپ نتائج سامنے لانے کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔

اپلائیڈ زولوجیکل سوسائٹی پاکستان کے تحت انعقاد پذیر یہ چوتھی کانفرنس ہے جس میں اندرون و بیرون ملک بالخصوص بلغاریہ ٗ ترکی اور سویڈن کے محققین اور سائنسدان مقالہ جات پیش کریں گے۔ نیز کانفرنس کے مختلف مرحلوں میں بیشتر پریذنٹیشنز بھی پیش کی جائیں گی۔ مہمانان اعزاز میں کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ایم اقبال چودھری اور بلتستان یونیورسٹی سکردوکے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے بھی کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کیا۔کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں اساتذہ کرام اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔