نسلہ ٹاور کو گرانے کا کام جاری،پولیس کی نفری بڑھادی گئی

ہفتہ 27 نومبر 2021 16:30

نسلہ ٹاور کو گرانے کا کام جاری،پولیس کی نفری بڑھادی گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر کراچی میں واقع نسلہ ٹاور کو گرانے کا کام جاری ہے، نسلہ ٹاور کے باہر پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھا دی گئی۔تفصیلات کے مطابق ہیوی مشینری اور مزدوروں کی مدد سے نسلہ ٹاور کو گرایا جارہا ہے، جبکہ ہیوی مشینری اور مزدورں کی مدد سے ہی تجوری ہائٹس کو بھی توڑنے کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

کراچی کی شاہراہِ فیصل پر نرسری کے مقام پر سروس روڈ پر واقع نسلہ ٹاور کو گرانے کا کام ہفتے کو چوتھے روز بھی جاری رہا۔نسلہ ٹاور کی بالائی منزلوں کو مزدوروں کی مدد سے جبکہ نیچے کی دیواریں ہیوی مشینری کے ذریعے گرائی جا رہی ہیں۔عمارت کو منہدم کرنے کے کام کے باعث نرسری سے شاہراہِ قائدین جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔واضح رہے کہ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور سے متعلق سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے عمارت گرانے میں سستی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔عدالتِ عظمی نے کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کو نسلہ ٹاور 1 ہفتے میں گرا کر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔