نو منتخب صدر عبدالواسع کی زیر صدارت ملی یکجہتی کونسل خیبرپختونخوا کا پہلا اجلاس

ملکی یکجہتی کونسل تمام مسالک کی متحدہ تنظیم ہے۔ہم تمام اُمور میں عوام کی نمائندگی کریں گی: عبدالواسع

ہفتہ 27 نومبر 2021 22:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 نومبر2021ء) ملی یکجہتی کونسل خیبرپختونخوا کا پہلا اجلاس نومنتخب صدر عبدالواسع کی صدارت میں جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈکوارٹر المرکز الاسلامی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری پیر جمال الدین شاہ جمعیت علماء پاکستان ، سینئر نائب صدر اخونزادہ مظفر علی اسلامی تحریک ،مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمن، مولانا ہدایت اللہ، سید مرتضیٰ عابدی، میر غلام مرتضیٰ، سید جماعت علی شاہ، مقود احمد سلفی، سید محمد قاسم، ڈاکٹر نورالحکیم جیلانی اور ارشاد حسین نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر عبدالواسع نے کہاکہ ملکی یکجہتی کونسل تمام مسالک کی متحدہ تنظیم ہے۔ہم تمام اُمور میں عوام کی نمائندگی کریں گے۔

(جاری ہے)

عالمی سطح پر اسلام اور توہین رسالت اور پاکستان کے خلاف جو منظم پروپیگنڈا کیا جارہا ہے اس کے حوالے سے عملی اقدامات اُٹھائیں گے اور پاکستان کے عوام کو اس کے خلاف منظم کریں گے۔انھوں نے کہاکہ پاکستان میں جو غیر اسلامی قانونی سازی کی جائے گی اُس کے خلاف پارلیمنٹ ، میڈیا اور چوکوں اور چوراہوں میں اس کے خلاف آواز اُٹھائینگے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین ایک اسلامی آئین ہے اگر کوئی اس کا حلیہ بگاڑے گا اور غیر اسلامی قوانین کو نافذ کرنے کی کوشش کرے گا تو ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے عوام کو منظم کریگی ۔