Live Updates

وفاقی کابینہ نے سعودی عرب سے 3 ارب ڈالرز کے حصول کے معاہدے کی منظوری دے دی

سعودی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ 3 ارب ڈالرز کے ڈپازٹ ایک سال کیلئے اسٹیٹ بینک میں جمع رہیں گے، سعودی عرب کو 4 فیصد منافع ادا کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی اتوار 28 نومبر 2021 00:07

وفاقی کابینہ نے سعودی عرب سے 3 ارب ڈالرز کے حصول کے معاہدے کی منظوری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 نومبر2021ء) وفاقی کابینہ نے سعودی عرب سے 3 ارب ڈالرز کے حصول کے معاہدے کی منظوری دے دی،سعودی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ 3 ارب ڈالرز کے ڈپازٹ ایک سال کیلئے اسٹیٹ بینک میں جمع رہیں گے، سعودی عرب کو 4 فیصد منافع ادا کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے 3 ارب ڈالرز کے ڈپازٹ حاصل کرنے کیلئے قانونی راہ ہموار ہو گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز 3 ارب ڈالرز کے ڈپازٹ کے حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پائے معاہدے کی وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی۔ کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے معاہدے کی منظوری دی۔ وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی حکومت نے 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں جمع کروانے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

(جاری ہے)

اس معاہدے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو ایک سال کی مدت کیلئے 3 ارب ڈالرز فراہم کیے جائیں، پاکستان اس رقم پر سالانہ 4 فیصد کا منافع بھی ادا کرے گا۔ سعودی عرب کی جانب سے فراہم کردہ 3 ارب ڈالرز اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں جمع رہیں گے۔ مزید بتایا گیا ہے سعودی حکومت کے ساتھ معاہدے کا ڈرافٹ وزارت قانون اور اٹارنی جنرل آفس کو بھجوایا گیا تھا جس کے بعد وزارت قانون اور اٹارنی جنرل آفس نے معاہدے کے ڈرافٹ پر اتفاق کیا جس کے بعد سرکولیشن کے ذریعے کابینہ نے سمری منظور کر لی۔

دوسری جانب حکومت نے 7 ارب ڈالرز کی فنانسنگ کا انتظام کر لیا۔ اس حوالے سے وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت اربوں ڈالرز کی فنانسنگ کا انتظام کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈیڑھ ماہ تک پاکستان کو 7 ارب ڈالرز مل جائیں گے۔ مزمل اسلم کے مطابق اگلے ہفتے پاکستان کو سعودی عرب سے 3 ارب ڈالرز موصول ہو جائیں گے، جبکہ دسمبر تک سکوک بانڈز کی فروخت مکمل ہو جائے گی۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم سعودی عرب کے شکر گزار ہیں کہ اس نے پاکستان کی مدد کی ہے اور تین ارب ڈالر دئیے ہیں، آئی ایم ایف کا معاہدہ آخری مراحل میں ہے اور اس کے اوپر کام شروع ہو چکا ہے،ان اقدامات کے نتیجے میں پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات