کراچی میں 2 بڑے ٹریفک حادثات، 3 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی

نجی کمپنی کے ملازمین کو پورٹ قاسم کی طرف لے جانے والی کوسٹر وین مسافر بس سے ٹکرا گئی،زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا

پیر 29 نومبر 2021 16:06

کراچی میں 2 بڑے ٹریفک حادثات، 3 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2021ء) شہر قائد میں مختلف مقامات پر دو بڑے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور 25 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں دو مختلف خوفناک ٹریفک حادثات پیش آئے ، نیشنل ہائی وے پر واقعے لانڈھی بچہ جیل کے قریب منی بس اور کوسٹر میں تصادم ہوا ، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور9 زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ نجی کمپنی کے ملازمین کو پورٹ قاسم کی طرف لے جانے والی کوسٹر وین مسافر بس سے ٹکرا گئی، بس اور کوسٹر میں سوار جاں بحق اور زخمی افراد کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔دوسرے جانب کاٹھور موٹروے کے قریب بس اور ٹرالر میں تصادم ہوا ، جس کے کے نتیجے میں پچیس افراد زخمی ہو گئے، بس حیدرآباد سے کراچی آ رہی تھی ، حادثے کے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ دونوں ڈرائیورز کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ۔