بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے،آصف زرداری

جمہوریت سے نفرت کرنے والی سوچ کو شکست دی ، پیپلزپارٹی اقتدار میں ہمیشہ عوام کی طاقت اور ووٹ سے آئی، جمہوریت ہماری سیاست اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔ سابق صدر اور شریک چیئرمین پیپلزپارٹی کا بیان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 29 نومبر 2021 20:00

بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے،آصف ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 نومبر2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے، جمہوریت سے نفرت کرنے والی سوچ کو شکست دی، پیپلزپارٹی اقتدار میں ہمیشہ عوام کی طاقت اور ووٹ سے آئی، جمہوریت ہماری سیاست اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔

انہوں نے پیپلزپارٹی کے 54 ویں یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پیپلزپارٹی اپنے بانی کے فلسفے اور منشور پر ثابت قدم ہے، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ملک میں پارلیمانی نظام کیلئے جدوجہد کی، ہم اپنے عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ پارلیمانی نظام کا مکمل دفاع کرتے رہیں گے۔ آصف زرداری نے کہا کہ بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق حاکمیت پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے، اُس سوچ کو شکست دی جو جمہوریت سے نفرت کرتی ہے، اسلام ہمارا دین اور سوشلزم ہماری معیشت ہے، جمہوریت ہماری سیاست اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام کے دیے ہوئے منشور کے ساتھ پیپلزپارٹی جدوجہد کرتی رہی ہے، پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی عوام کی طاقت اور ووٹ سے آئی ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ ہماری ترجیح عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے پر مبذول رہی ہے، پیپلزپارٹی نے ملک کو آئین دیا اور عوام کو جمہوری حقوق دیئے۔ اسی طرح میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے 54 ویں یومِ تاسیس کے موقعے پر اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ طویل جدوجہد اور بےمثال قربانیوں کے بعد، پاکستان میں جمہوریت کا ترجمہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے، جس کا منشور و لائحہ عمل ہی، اب 22 کروڑ پاکستانیوں کے وطن کو ایک حقیقی جمہوری و فلاحی ریاست بنانے کا واحد راستہ ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی ایک تحریک ہے، جس کی اساس قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریئے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفے، اور کئی نسلوں کی جدوجہد و قربانیوں پر محیط ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی پی نے مشکل ترین حالات کا مقابلہ کرکے، ملک و قوم کو بیش بہا اسٹریٹجک تحفے دیئے، جن میں ملک کو پہلا متفقہ آئین، ناقابلِ تسخیر دفاع کے ضامن جوہری پروگرام اور میزائیل ٹیکنالاجی، صوبائی خودمختاری، اور زرعی و معاشی اصلاحات دینا شامل ہیں۔

پاک – چین دوستی، سی پیک منصوبہ، اور اسلامی سربراہی کانفرنس کی شکل میں سیاسی طور پاکستان کو اسلامی دنیا کو محور و مرکز بنانا بھی پی پی پی کا طرہِ امتیاز ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ وہ آج کے دن ان تمام جیالوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے جمہوریت کے کاز کی خاطر اپنی جانوں کی قربانیاں دیں، کوڑے کھائے، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، جلاوطنی جھیلی، اور غیرجمہوری قوتوں کے اسپانسرڈ میڈیا ٹرائیلز کے سامنا کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ باعثِ فخر ہے کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو پایئہ تکمیل پر پہنچانے کے لیئے، پارٹی عہدیداران اور کارکنان پرعزم و بے مثال جراَت کے ساتھ اپنی جدوجہد میں نئی روح پھونکنے کے لیئے کھڑے ہیں۔ آج تجدیدِ عہدِ نو کا دن ہے کہ ہم عوام کے حقِ حاکمیت، خواتین کی آزادی، اقلیتوں کی قومی دھارے میں شمولیت، جمہوری اداروں کو بااختیار، آئین کی حکمرانی، اور عوام کی بھبود و ترقی کے لیئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

بلاول نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور جیالوں کی انتھک جدوجہد بارآور ہونے کے قریب ہے، ملک سے ہر قسم کے امتیاز کے خاتمے اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام کا خواب حقیقت میں بدلنے والا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ وقت آگیا ہے کہ اب پاکستان میں حقیقی جمہوریت کو پاوَں جمانے دیا جائے اور لاڈلہ سازی کا خاتمہ کیا جائے۔