Live Updates

’ایبسولیوٹلی ناٹ‘جملے پر اب کسی کی توجہ نہیں، وزیراعظم کے دورہ امریکا کا امکان

پاک امریکا روابط عنقریب بڑھیں گے اور تعلقات کی سطح بہتر ہو گی۔ امریکی ڈیموکریٹ رہنما طاہر جاوید نے وزیراعظم عمران خان کے سال 2022 میں دورہ امریکا کا امکان ظاہر کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 1 دسمبر 2021 17:12

’ایبسولیوٹلی ناٹ‘جملے پر اب کسی کی توجہ نہیں، وزیراعظم کے دورہ امریکا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2021ء) :امریکی ڈیموکریٹ رہنما طاہر جاوید نے وزیراعظم عمران خان کے سال 2022 میں دورہ امریکا کا امکان ظاہر کیا ہے۔انہوں نے سماء نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاک امریکا روابط عنقریب بڑھیں گے اور تعلقات کی سطح بہتر ہو گی۔طاہر جاوید نے مزید کہا کہ دونوں وزرائے خارجہ اور سکیورٹی فورسز کے متواتر رابطے رہتے ہیں اور نئے سال میں وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکا دیکھ رہا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا میں ہونے والی ورچوئل سرگرمیوں میں پاکستان شامل رہتا ہے۔وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں بھی اوور سیز پاکستانیوں کے بل پر بات ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا امریکا میں سراہا جا رہا ہے اور اوور سیز پاکستانیوں کی خوشی کے لیے ووٹنگ کا عمل آسان تر بنانا ضروری قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

طاہر جاوید نے کہا کہ گھر بیٹھ کر ووٹنگ اور میل ان بیلٹ کی سہولت دینا ہو گی۔جب جماعتوں کو اوورسیز پاکستانیوں کی قوت فیصلہ پر اعتماد کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا وزیراعظم کا ‘ایبسولیوٹلی ناٹ‘ کا جملہ ہم وطنوں کے لیے تھا اور اب وقت اور موقع گرز چکا ہے اور اس جملے پر اب کسی کی توجہ نہیں۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان باہمی تعلقات پر چھائی ہوئی بداعتمادی کو دور کرنے کے لیے مثبت بات چیت میں مصروف ہیں۔

قومی اخبار ڈان نیوز کے مطابق دو روز قبل امریکی انڈر سیکریٹری دفاع برائے پالیسی کولِن کاہل نے سینیٹ پینل کو بتایا تھا کہ پاکستان، افغان سرزمین کو نہ صرف اپنے بلکہ دیگر ممالک کے خلاف بھی دہشت گرد، بیرونی حملوں کے لیے محفوظ ٹھکانے کے طور نہیں دیکھنا چاہتا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے ہمیں اپنی فضائی حدود تک رسائی جاری رکھی ہوئی ہے اور ہم یہ رسائی کھلی رکھنے کے لیے ان سے بات چیت کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وائس آف امریکہ (وی او اے) ریڈیو کو دئے گئے انٹرویو میں مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے اس رائے سے اتفاق نہیں کیا کہ امریکہ اور پاکستان تصادم کے راستے پر ہیں اور یہاں سے ان کے تعلقات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات