وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا ایڈز سے بچائو کے عالمی دن پر پیغام

بدھ 1 دسمبر 2021 21:25

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا ایڈز سے بچائو کے عالمی دن پر پیغام
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایچ آئی وی (ایڈز) سے بچائو کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایڈز جیسے مہلک مرض سے بچاؤ کیلئے احتیاط ضروری ہے۔احتیاطی تدابیر اور صحت مند زندگی کے اصولوں کو اپنا کر اس بیماری سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایڈز کی روک تھام کیلئے حکومت کے ساتھ سول سوسائٹی اور سماجی تنظیموں کوبھی اپناکردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

عوام میں ایڈز سے بچائو کا شعور بیدار کرنے کیلئے موثر آگاہی مہم کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کیساتھ سوشل میڈیا پر بھی آگاہی مہم چلانا وقت کا تقاضا ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ایڈز سے بچائو کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کی ہے اورٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ایڈز کے حوالے سے مفت مشاورت، تشخیص اور علاج کیلئے مراکز کام کر رہے ہیں اور پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت مریضوں کو مفت ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولت میسر ہے۔