Live Updates

شاہین آفریدی کے پاس ایسا اعزاز حاصل کرنیکا موقع آگیا جو وسیم اکرم کے پاس بھی نہیں

پیسر ڈھاکہ ٹیسٹ میں 6 وکٹیں لینے پر کیلنڈر ایئر میں 50 شکار کرنے والے تیسرے پاکستانی فاسٹ بائولر بن جائیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 2 دسمبر 2021 16:32

شاہین آفریدی کے پاس ایسا اعزاز حاصل کرنیکا موقع آگیا جو وسیم اکرم کے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 دسمبر 2021ء ) قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کے پاس ایسا اعزاز اپنے نام کرنے کا موقع آگیا ہے جو لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم کے پاس بھی نہیں ہے ۔ شاہین شاہ آفریدی اگر بنگلہ دیش کے خلاف ہفتے سے شیڈول ڈھاکہ ٹیسٹ میں 6 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے تو وہ کیلنڈر ایئر میں 50 وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی فاسٹ بائولر بن جائیں گے ۔

21 سالہ شاہین آفریدی رواں سال اب تک 8 ٹیسٹ میچز میں 17.45 کی اوسط سے 44 وکٹیں لے چکے ہیں،انہوں نے اب تک اننگز میں 3 مرتبہ 5 یا اس سے زیادہ اور ایک مرتبہ میچ میں 10 یا اس سے زیادہ شکار کررکھے ہیں ۔ وسیم اکرم کی بہترین کارکردگی 1990ء میں سامنے آئے تھی جب انہوں نے 8 میچز میں 16.20 کی اوسط سے 48 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے لیے سابق کپتان عمران خان 1982ء میں 9 ٹیسٹ میچز میں 13.29 کی اوسط سے 62 وکٹیں حاصل کی تھیں ،انہوں نے کیلنڈر ایئر میں اننگز میں 5 مرتبہ 5 اور میچ میں 2 مرتبہ 10 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کی تھیں ۔

سابق کپتان وقار یونس نے 1993ء میں صرف 7 میچز میں 15.23 کی اوسط سے 55 وکٹیں حاصل کیں ، انہوں نے کیلنڈر ایئر میں 6 مرتبہ اننگز میں 5یا اس سے زیادہ اور ایک مرتبہ میچ میں 10 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں ۔ قومی ٹیم کے سابق آف سپنر ثقلین مشتاق نے 2002ء میں 11 میچز میں 24.47 کی اوسط سے 51 شکار کیے تھے، انہوں نے اس سال اننگز میں 2 مرتبہ 5 یا اس سے زیادہ اور ایک مرتبہ میچ میں 10 یا اس سے زیادہ وکٹیں اپنے نام کیں ۔ قومی ٹیم کے سابق آف سپنر سعید اجمل نے 2011ء میں 8 ٹیسٹ میچز میں 23.86 کی اوسط سے 50 شکار کیے، انہوں نے 3 مرتبہ اننگز میں 5 یا اس سے زیادہ اور 1 مرتبہ میچ میں 10 یا اس سے زیادہ شکار کیے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات