عرب اتحاد کا حوثیوں کے خلاف آپریشن‘ 45 باغی مارے گئے

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حوثیوں کے ٹھکانوں پر 9 حملوں کے دوران باغیوں کی 6 عسکری گاڑیاں بھی تباہ کر دی گئیں

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 3 دسمبر 2021 16:00

عرب اتحاد کا حوثیوں کے خلاف آپریشن‘ 45 باغی مارے گئے
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 دسمبر 2021ء ) سعودی قیادت میں بننے والے عرب اتحاد کی جانب سے حوثیوں کے خلاف کیے گئے آپریشن میں 45 باغی مارے گئے ۔ عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مارب میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر 9 حملے کیے گئے ، ان حملوں کے دوران حوثیوں کی 6 عسکری گاڑیاں تباہ کر دی گئیں جب کہ 45 سے زیادہ حوثی باغیوں کو ہلاک کردیا گیا ۔

یاد رہے کہ یکم دسمبر کو عرب اتحاد نے حوثی باغیوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے سعودیہ کی جانب داغا گیا ڈرون مار گرایا تھا ‘اس دوران ایک بارودی کشتی بھی تباہ کی گئی ، عرب اتحاد کی جانب سے گرایا گیا دھماکہ خیز ڈرون صنعا ایئرپورٹ کی طرف سے داغا گیا تھا جس کو یمن کی امران گورنریٹ میں گرادیا گیا ، حوثی فضائی دفاع نے ایئرپورٹ سے ڈرون کے پرزے اکھٹے کیے ، جب کہ عرب اتحاد نے حوثی باغیوں کے یونٹس پر حملہ کرکے وہاں سے اسلحہ منتقل کرنے کی کوشش بھی ناکام بنادی ، علاوہ ازیں عرب اتحاد نے بحیرہ احمر میں باردو سے بھری ایک کشتی کو بھی تباہ کیا ، یہ کشتی الحدیدہ کی گورنریٹ سے روانہ ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

چند روز قبل سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودیہ کے ایئرپورٹ پر ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنادی تھی ، عرب فوجی اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ حوثی باغیوں کی جانب سے مملکت کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملے کی کوشش کی گئی جس کو سعودی ایئر ڈیفنس کی مدد سے ناکام بنادیا گیا اور ڈرون کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی راستے میں روک کر تباہ کردیا۔

ترجمان عرب اتحاد نے بتایا کہ ڈرون تباہ ہونے سے اس کے ٹکڑے العریسہ کے رہائشی علاقے میں گرے تاہم اس سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، حوثی باغیوں کے جس ڈرون کو راستے میں روک کر تباہ کیا گیا اس کو یمن کے صنعا ایئر پورٹ سے فائر کیا گیا تھا لیکن حوثیوں کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ان کے عزائم کو خاک میں ملادیا گیا ۔