لاہور، ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر صدارت فوڈ سبسڈی اصلاحات پر بین الاقوامی مشاورتی اجلاس کا انعقاد

بین الاقوامی ماہرین نے پاکستان کے ڈیجیٹل احساس راشن رعایت پروگرام کے ڈیزائن کو سراہا

جمعہ 3 دسمبر 2021 22:13

لاہور، ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر صدارت فوڈ سبسڈی اصلاحات پر بین الاقوامی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2021ء) پاکستان نے حال ہی میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی تلافی کے لیے ایک ٹارگٹڈ فوڈ سبسڈی پروگرام "احساس راشن رعایت" متعارف کرایا ہے جس سے غریب افراد مستفید ہوں گے۔ دوسرے ممالک کے تجربات سے سبق حاصل کرنے کے لیے، عالمی بینک کی جانب سے فوڈ سبسڈی اصلاحات پر ایک بین الاقوامی مشاورتی اجلاس طلب گیا تاکہ پاکستان کی ٹارگٹڈ کموڈٹی سبسڈی اصلاحات کے ڈیزائن سے متعلق آگاہی فراہم کی جا سکے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے تقریب کی صدارت کی۔ واشنگٹن، قاہرہ، جکارتہ، اسلام آباد اور کراچی کے مقررین اور ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔ اس تقریب میں ڈاکٹر ثانیہ کے ہمراہ سٹیفانو پیٹرنوسٹرو، پریکٹس مینیجر، سوشل پروٹیکشن اینڈ جابز گلوبل پریکٹس، ساؤتھ ایشیا ریجن، ورلڈ بینک؛ Ugo Gentilini, Global Lead, Social Assistance, Global Practice, World Bank; ڈاکٹر ابتسام الغفاراوی، وزیر برائے سپلائی اور داخلی تجارت کے مشیر اور نیشنل سینٹر فار سوشل اینڈ کرمینولوجیکل ریسرچ، مصر کے پروفیسر؛ اور ڈاکٹر ایلن ستریاوان، TNP2K، انڈونیشیا میں پالیسی ورکنگ گروپ کے چیف نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پاکستان کے لیے ہیومن ڈویلپمنٹ پریکٹس لیڈر، ورلڈ بینک، لائر ایرساڈو نے تقریب کی میزبانی کی۔ ورلڈ بینک کے دیگر شرکائ میں میلس گوون، امجد خان، گل جامی، زینب مجوکا اور علی قریشی شامل تھے۔ پروگرام کا ایک جائزہ پیش کرتے ہوئے، ڈاکٹر ثانیہ نے کہا، " احساس راشن رعایت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کریانہ اسٹورز کے ساتھ ساتھ سرکاری ملکیت والے یوٹیلیٹی اسٹورز کو غریب ترین خاندانوں کو سبسڈی دینے کے قابل بنائے گا۔

احساس اور نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے موبائل پوائنٹ آف سیل اینڈرائیڈ ایپلی کیشن تیار کی ہے جو احساس سبسڈی کے مرکزی پلیٹ فارم کے ساتھ مربوط ہے، اور تصدیقی عمل کے ذریعے مستفید ہونے والے کے CNIC کے مطابق سبسڈی کی پروسیسنگ کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا،"اس پروگرام میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہمیں پروڈکٹ اور جغرافیہ کی سطح پر ہر استفادہ کنندہ کے ذریعہ سبسڈی کے استعمال کو ٹریک کرنے کے قابل بنائے گا جو اس عمل میں شفافیت کو یقینی بنائے گا۔

کریانہ اسٹور کے مالکان کو بینک اکاؤنٹس کھولنے کی ضرورت ہوگی جو مالیاتی شمولیت اور پاکستان میں ڈیجیٹل لین دین کے اضافے میں مدد فراہم کرے گا"۔ عالمی بینک نے کیش کے مقابلہ میں ان کائنڈ ٹرانسفر پر ایک مختصر جائزہ فراہم کیا اور منتخب بین الاقوامی ممالک کے تجربات سے متعلق اصلاحات پر روشنی ڈالی۔ مصر نے اپنے فوڈ سبسڈی کے ڈھانچے میں حالیہ ارتقاء کو اجاگر کیا،جن میں راشن کارڈ، بلادی بریڈ اور اصلاحات سے پیدا ہونے والے آپریشنل اختراعات اور چیلنجوں کو پیش کیا گیا۔

انڈونیشیا نے بڑے پیمانے پر قیمتوں میں سبسڈیز، "راسٹرا" سے لے کر الیکٹرانک واؤچر کی منتقلی تک کئے گئے ملکی سفر کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ شرکاء نے پاکستان کے ڈیجیٹل احساس راشن پروگرام کو سراہا جس کا مقصد20 ملین کم آمدنی والے خاندانوں کو کھانے کی مخصوص اشیاء بشمول آٹا، کوکنگ آئل/گھی اور دالوں کی خریداری پر 1000 روپے ماہانہ کی سبسڈی فراہم کرنا ہے۔انہوں نے اس بات کو بے حد سراہا کہ اپنی نوعیت کا پہلا ٹارگٹڈ سبسڈی کی تقسیم کا پروگرام مستحقین اور اسٹور مالکان کو ڈیجیٹل طور پر ماہر بنائیگا۔