رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی ،نوسربازی میں ملوث 3ملزمان گرفتار

سرکاری یونیفارم، جعلی کارڈ، 3 عدد چھینی گئی موٹر سائیکلز اور 2 عدد 30 بور پستول بھی برآمد

ہفتہ 4 دسمبر 2021 15:49

رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی ،نوسربازی میں ملوث 3ملزمان گرفتار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2021ء) پاکستان رینجرز(سندھ)اورپولیس نے انٹیلی جنس معلو مات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی جمشید ٹاؤن کے علاقے بلوچ پاڑہ،جہا نگیر روڈاور جمشید کوارٹرز سے نوسربازی میں ملوث 3 ملزمان زوہیب علی، حسنین علی اور یاسر الرحمن عرف گوپی کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے سرکاری یونیفارم، جعلی کارڈ، 3 عدد چھینی گئی موٹر سائیکلز اور 2 عدد 30 بور پستول بھی برآمد کر لیے گئے۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں کے بھیس میں کراچی کے مختلف علاقوں سے عام لوگوں اور منشیات فروشوں کو گرفتاری کے نام پر اٹھا کر لاتے اور رقم وصول کرنے کے بعد رہا کر دیتے تھے۔ملزمان ایک منظم ڈکیت گروہ چلا رہے تھے جو شہریوں سے پیسے اور موبائل فون لوٹنے میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

گرفتار ملزمان کوبمعہ موٹر سائیکلیں، اسلحہ ایمونیشن اور مسروقہ سامان مزیدقانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پرقریبی رینجر ز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔