Live Updates

سعودی عرب نے روسی ویکسین لگوانے والوں کو مملکت میں داخلے کی اجازت دے دی

پاکستان سمیت دنیا بھر سے روسی ویکسین لگوانے والے مسلمان اب سعودی عرب جاسکیں گے، روسی حکام

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 5 دسمبر 2021 19:43

سعودی عرب نے روسی ویکسین لگوانے والوں کو مملکت میں داخلے کی اجازت دے ..
ماسکو(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 5دسمبر 2021) پاکستان سمیت دنیا بھر سے روسی ویکسین لگوانے والے مسلمان اب سعودی عرب جاسکیں گے، سعودی عرب نے روسی ویکسین لگوانے والوں کو مملکت میں داخلے کی اجازت دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق روس کی کورونا ویکسین اسپوٹنک لگوانے والوں کو سعودی عرب میں داخلے کی اجازت مل گئی۔روسی حکام کے مطابق سعودی حکومت نے روسی ویکسین لگوانے والوں کو یکم جنوری سے آنےکی اجازت دی ہے جس کے بعد دنیا بھر سے روسی ویکسین لگوانے والے مسلمان اب سعودی عرب جاسکیں گے۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ روسی ویکسین لگوانے والے حج اور عمرہ کے اجتماعات میں شرکت کر سکیں گے۔حکام کے مطابق ویکسین شدہ افراد کو سعودی عرب پہنچنےپرپی سی آر ٹیسٹ اور 48 گھنٹے قرنطینہ کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

روسی حکام نے بتایاکہ دنیا کے 100 سے زیادہ ممالک روسی ویکسین شدہ افراد کو آنے کی اجازت دے چکے ہیں تاہم امریکاسمیت 15 ممالک نے روسی ویکسین شدہ افراد کے داخلے پرپابندی لگائی ہوئی ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کو اسلام آباد کے بعد لاہور سے بھی بڑی سہولت مل گئی ‘ سیرن ائیرلائن نے لاہور سے جدہ کے لیے پروازیں چلانے کا اعلان کردیا‘ مسافروں کو اپنے ہمراہ 80 کلو تک سامان لے کر جانے کی سہولت بھی دے دی ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک بیان میں پاکستان کی نجی فضائی کمپنی سیرن ایئر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لاہور سے سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کے لیے ہفتے میں 2 پروازیں چلائی جائیں گی ، ان فلائٹس کا آغاز اتوار 5 دسمبر سے کیا جائے گا ، لاہور سے اکانومی کلاس میں جدہ جانے والے مسافر اپنے ساتھ 50 کلو تک سامان لے کر جاسکتے ہیں جب کہ سیرین پلس ٹکٹ پر لاہور سے جدہ سفر کرنے والے مسافروں کو اپنے ہمراہ 80 کلو تک سامان لے کر جانے کی سہولت ملے گی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کر دی ہیں ، جس کے بعد پاکستانیوں کو براہ راست مملکت آمد کی اجازت مل گئی ہے اور اب پاکستان سے سعودی عرب کیلئے براہ راست مسافر پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں ، سعودی حکومت کے اس فیصلے کی وجہ سے ہزاروں ایسے سعودی اقامہ ہولڈرز پاکستانیوں کی سعودی عرب واپسی ممکن ہو گئی ہے ، جو کئی ماہ قبل پاکستان آنے کے بعد دوبارہ سعودی عرب واپس جانے سے قاصر تھے ، اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی کی جانب سے بھی ردعمل دیتے ہوئے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا گیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات