Live Updates

یوتھ ہاکی کلب الیون کا اولمپیئن جہانگیر بٹ انوی ٹیشن ہاکی لیگ میں فاتحانہ آغاز

فاتح ٹیم نے رینجرز الیون کو 0-5 سے جبکہ دوسرے میچ میں حنیف خان الیون نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملیر کینٹ الیون کو 2-3 سے شکست دیدی

اتوار 5 دسمبر 2021 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2021ء) یوتھ ہاکی کلب الیون کا اولمپیئن جہانگیر بٹ انوی ٹیشن ہاکی لیگ میں فاتحانہ آغاز، فاتح ٹیم نے رینجرز الیون کو 0-5 سے جبکہ دوسرے میچ میں حنیف خان الیون نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملیر کینٹ الیون کو 2-3 سے شکست دیدی۔مہمان خاص ایڈیشنل سیکریٹری حکومت سندھ و پروجیکٹ ڈائریکٹر کے ڈبلیو ایس ایس ائی بی کراچی واٹر بورڈ صلاح الدین احمد نے گیند کو ہٹ لگا کر ایونٹ کا افتتاح کیا۔

کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر انتظام کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں اولمپیئن جہانگیر بٹ انوی ٹیشن ہاکی لیگ کا اغاز ہوگیا، حکومت سندھ کیایڈیشنل سیکریٹری و پروجیکٹ ڈائریکٹر کے ڈبلیو ایس ایس ائی پی کراچی واٹر بورڈ صلاح الدین احمد نے گیند کو ہٹ لگا کر لیگ کا افتتاح کیا، اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کوآرڈینیٹر و سیکریٹری کے ایچ اے حیدر حسین، اولمپئنز حنیف خان، ناصر علی، چیئر مین کے ایچ اے گلفراز احمد خان، ٹورنامنٹ سیکریٹری امتیاز الحسن، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ایس اے ماجد، ایمپائر منیجر فیصل اسمعیل، سابق انٹر نیشنل پیلئرز خالد جونیئر، پرویز اقبال، اسد قریشی، کے ایچ اے مجلس عاملہ کے ارکان محسن علی، محمد وسیم اور معین عالم بھی موجود تھے،۔

(جاری ہے)

مہمان خاص ایڈیشنل سیکریٹری صلاح الدین احمد کا کہنا تھا کہ ہاکی سے پرانی وابستگی اور ملکی سطح پر ہاکی کھیلنے کے باعث میری قومی کھیل سے محبت روز اول کی طرح آج بھی برقرار ہے، حیدر حسین کو ہاکی کے لئے شبانہ روز کام کرتے دیکھ کر اپنا وقت یاد آجاتاہے، خواہش ہے کہ گرین شرٹس ایک بار پھر بین الاقوامی میدانوں میں سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کا سبب بنے۔

افتتاحی روز کھیلے جانے والے پہلے میچ میں یوتھ ہاکی کلب الیون نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے رینجرز الیون کو 0-5 سے باآسانی زیر کرلیا، فاتح ٹیم کی جانب سے عدنان لڈو نے نویں اور 36ویں منٹ میں، محسن شیخ۔نعمان خان اور علی آفریدی نے بالترتیب تیسرے، چوالیسویں اور پینتالیسویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا بہترین کھیل اور دو گول کرنے پر عدنان لڈو کو ریلائنس پینٹ کی جانب سے میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

حنیف خان الیون اور ملیر کینٹ الیون کے درمیان کھیلا جانے والا میچ دلچسپ رہا تاہم سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد حنیف خان الیون نے دو کے مقابلے تین گول سے کامیابی حاصل کرلی، پہلے ہاف کے اختتام پر فاتح ٹیم کو رضوان خان کے چودہویں منٹ میں کئے جانے والے گول کے باعث 0-1 کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف کے 32 ویں منٹ میں اذلان خان نے گول کرکے حنیف الیون کی برتری مستحکم کردی تاہم ملیر کینٹ الیون نے کھیل میں واپسی کی کوششیں جاری رکھیں جس کے نتیجے میں محمد شاہد نے 39 ویں منٹ میں گیند جال میں پھینک کر خسارہ 1-2 کردیا، 46 ویں منٹ میں عمران خان نے گول کرکے فاتح ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول کی برتری دلادی تاہم ملیر کینٹ الیون کے محمد عمر نے کھیل کے اخری لمحات میں گول کرکے خسارہ 2-3 کردیا، ریلائنس پینٹ مین اف دی میچ کا ایوارڈ فاتح ٹیم کے محمد شاہد کے نام رہا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات