آصف زرداری کا این اے 133 کے ووٹروں سے اظہار تشکر

این اے 133 کے نتائج حوصلہ افزا ہیں، پیپلزپارٹی کے عہدیداروں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا آئندہ انتخابات میں جیت جیالوں کی ہوگی،وفاق کی طرح چاروں صوبوں میں پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی،سابق صدر

پیر 6 دسمبر 2021 23:24

آصف زرداری کا این اے 133 کے ووٹروں سے اظہار تشکر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2021ء) سابق صدر پاکستان اورپاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے این اے 133 کے ووٹروں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے عہدیداروں، کارکنوں اور ہمدردوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پارٹی کے نامزد امیدوار اسلم گِل کو شاباش دی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا آفس اسلام آباد سے جاری ہونے والے بیان میں سابق صدر نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کے ووٹروں میں اضافہ بہت بڑا پیغام ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیالے میدان میں آچکے ہیں اب وہ آئندہ انتخابات کے لئے ابھی سے تیاریاں شروع کر دیں۔ این اے 133 کے نتائج حوصلہ افزا ہیں، پیپلزپارٹی کے عہدیداروں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ آئندہ انتخابات میں جیت جیالوں کی ہوگی۔ انشااللہ وفاق کی طرح چاروں صوبوں میں پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی۔