Live Updates

غیر ملکی ایئرلائن فلائی دبئی نے اسکردو آپریشنز شروع کرنے کیلئے درخواست دیدی

منگل 7 دسمبر 2021 00:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) سول ایوی ایشن کی سیاحتی مقامات کے لیے کاوشیں رنگ لانے لگیں، غیر ملکی ایئرلائن فلائی دبئی نے اسکردو آپریشنز شروع کرنے کیلئے درخواست دے دی،فلائی دبئی سول ایوی ایشن سے منظوری کے بعد اسکردو آپریشنز شروع کر سکے گی۔اس سے قبل سیاحت کے فروغ کے تحت پی آئی اے نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ایک اور شہر سے اسکردو کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز کیا تھا۔

پی آئی اے نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے بعد فیصل آباد سے اسکردو کیلئے پروازیں شروع کر رکھی ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی ملکی سیاحت کو فروغ دینے کے منصوبے کے تحت سول ایوی ایشن نے 4 نئی ائیرلائنز کولائسنس جاری کردیئے۔کشمیرائیر،الویر ائیرویز ،اے ایس ایس ایل ائیر، نارتھ ائیر کو لائسنس جاری کئے گئے ، چاروں نجی کمپنیوں نے جلد اندرون ملک سیاحتی پروازوں کے آغاز کا اعلان کردیا ہے۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں لاہور ، کراچی اور اسلام آباد سے پروازیں آپریٹ کرنے پر غور کیا جائیگا جبکہ گوادر، تربت، موہنجوداڑو، گلگت، اسکردو، ہنزہ اور گندھارا کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی۔ائیرلائنز کی جانب سے سیاحتی مقامات کے لیے ہیلی کاپٹر ، فکسڈ ونگ اور روٹری ونگ طیارے استعمال کیے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات