رات کے اوقات میں بجلی بند کر دینے کی انوکھی سزا

بارسلونا کے علاقے "لا مینا" کے 500 مکینوں کو بجلی چوری کرنے اور منشیات کے پودوں کو مصنوعی توانائی دینے کے جرم میں بجلی کی بندش کا سامنا

Syed Sheraz سید شیراز منگل 7 دسمبر 2021 11:34

رات کے اوقات میں بجلی بند کر دینے کی انوکھی سزا
بارسلونا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 دسمبر2021ء) کنڈا سسٹم صرف کراچی میں ہی نہیں بلکہ اب بارسلونا جیسے جدید شہر میں بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ بارسلونا کے نواحی علاقے "لا مینا" کے مکینوں نے نہ صرف اپنی بلکہ بجلی فراہم کرنے والی کمپنیز کی مشکلات میں بھی  اضافہ کر رکھا ہے جہاں خرچ ہونے والی بجلی اور لکھے جانے والے برقی یونٹس میں واضح فرق پایا گیا ہے۔


رات کے اوقات میں ان علاقوں میں منشیات کی افزائش کے لیے گھروں میں اگائے گئے "ماریوانا" کے پودوں کو مصنوعی روشنی کے لیے بھی بجلی کے بےتحاشا استعمال کیا جاتا ہے۔
اس تمام صورتحال پر قابو پانے لیے مقامی اتھارٹیز نے رات کے وقت مکمل طور پر بجلی بند کرنے فیصلہ کیا ہے جہاں اس سزا کا ایک رخ  تو بجلی چوروں کو سزا دینا  ہے تو دوسری جانب  رات کے اوقات میں مصنوعی روشنی کی کمی کے باعث ان پودوں کی افزائش پر اثرانداز  ہوتے ہوئے انہیں ختم کرنا ہے۔

(جاری ہے)


علاقہ مکینوں نے اپنا نام نہ ظاہر کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں سے کہا ہے کہ وہ یعنی ادارے جانتے ہیں کہ ان پودوں کی افزائش کے لیے کون بجلی چوری میں ملوث ہیں لیکن اگر ہم ان کا نام لینگے تو یہ گروہ ہمیں نقصان پہنچائیں گے اور پولیس کو چاہیئے کہ وہ سب کو سزا دینے کہ بجائے اس دھندے میں ملوث لوگوں کو گرفتار کرے۔


یاد رہے کہ "لا مینا" کے علاقے کو جرائم پیشہ افراد کا گڑھ سمجھا جاتا ہے جہاں ہسپانوی خانہ بدوش جنہیں مقامی زبان میں "ختانو" کہا جاتا ہے ہے بڑی تعداد میں آباد ہیں۔ اس علاقے میں غیر ملکیوں میں پاکستانی کمیونٹی کا اضافہ ہوا ہے ماضی میں پاکستانیوں اور ہسپانوی خانہ بدوشوں کے مابین جھگڑے اور راضی نامے بھی ہوتے رہے ہیں اور اب لگتا ہے کہ دونوں گروپوں نے ایک دوسرے کے مزاج کو سمجھتے ہوئے ایک دوسرے کو قبول کر لیا ہے۔