_آصف علی آسڑیلیا کیخلاف ہوم سیریز کیلئے بے چین

جمعرات 23 دسمبر 2021 18:45

د*لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2021ء) قومی کرکٹر آصف علی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کافی سالوں کے بعد پاکستان آرہی ہے میں اس سیریز کا شدت سے منتظر ہوں۔ ہارڈ ہٹنگ بیٹنگ کے لیے مشہور آصف علی نے کہا کہ آسٹریلیا کی ٹیم ایک مضبوط ترین ٹیم مانی جاتی ہے، ہماری کوشش ہو گی کہ اس کے خلاف اچھا کھیلیں اور فینز کی توقعات پر پورا اتریں۔

آصف علی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل سیون کے لیے بہت پرجوش ہوں خوشی ہے پی ایس ایل پاکستان میں ہوگی اور فینز اسٹیڈیم آکر میچز دیکھ سکیں گے آصف علی نے کہا کہ پی ایس ایل میں ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ اپنی ٹیم کے لیے سو فیصد دوں ، اس مرتبہ بھی اچھا کرنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز ملتوی ہونے کا بہت دکھ ہوا لیکن جن افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان کے لیے دعا گو ہوں۔

(جاری ہے)

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل آصف علی کو شدید تنقید کا سامنا تھا لیکن ورلڈ کپ میں انہوں نے دھواں دھار بیٹنگ سے اس تنقید کا جواب دیا۔آصف علی کہتے ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد یہ تبدیلی آئی ہے کہ لوگوں کی مجھ سے توقعات بڑھ گئی ہیں کوشش ہے زیادہ محنت کروں اور لوگوں کی امیدوں پر پورا اتروں۔انہوں نے کہا کہ تنقید کرنا لوگوں کا حق ہے جب اچھا پرفارم نہیں کریں گے تو لوگ باتیں کریں گے ورلڈ کپ میں اچھی پرفارمنس دی تو لوگوں نے بہت سپورٹ بھی کیا۔

ان کاکہنا تھا کہ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کا فین ہوں، ان دونوں کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ، انہوں نے بیٹنگ میں ایک معیار قائم کیا ہے میری دعا ہے اللہ تعالی دونوں کھلاڑیوں کو ایسے ہی کامیابی دیتے رہیں اور پاکستان کے لیے ریکارڈ بنتے رہیں۔واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے میچز پاکستان کے مختلف وینیوز پر ہوں گے۔