الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے زیر اہتمام میگا ایونٹ کا اہتما م

جمعہ 14 جنوری 2022 21:59

اسلام آباد۔14جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔14 جنوری2022ء) :الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے زیر اہتمام میگا ایونٹ کا اہتما م کیا گیا جس  میں سلائی مشینیں، ویل چیئرز، اسناد اور بلاسود قرضے تقسیم کیے گئے۔ جمعہ کو یہاں منعقدہ تقریب میں  سابق ایم این اے میاں محمد اسلم،بزنس مین ظفر بختاوری، صدر الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد حامد اطہر ملک،سیکرٹری جنرل محمد الطاف شیر، تاجر کاشف چوہدری، سماجی و سیاسی رہنما فرزانہ کوثر، رانا محمد اکرم، چوہدری افضل، ملک کریم اور نجیب عباسی سمیت آرفن بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حامد اطہر ملک نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن معاشرے کے ہر ضرورت مند فرد تک پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن ڈیزاسٹر مینجمنٹ، صاف پانی، صحت عامہ، کفالت یتامی، تعلیم، بلاسود قرضہ کی فراہمی اور کمیونٹی سروسز کے تحت ہزاروں پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے جس سے معاشرے کی تعمیر و ترقی ممکن ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

  انھوں  نے کہا ہے کہ ہمارا مشن ہے کہ ہم مانگنے والے ہاتھ کو کمانے والا ہاتھ بنتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

تقریب سے میاں اسلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ   الخدمت فاؤنڈیشن معاشرے کے پریشان اور غربت سے تنگ افراد کے لیے الخدمت مواخات پروگرام چلا رہی ہے جس کا مقصد محنتی افراد کو آسان اقساط میں قرضہ فراہم کرنا ہے تا کہ وہ   اپنے لیے بہتر ذرائع معاش کو یقینی بنا سکیں۔ کاشف چوہدری نے کہا کہ الخدمت ماں کی گود سے لیکر قبر کی گور تک اس کی تمام ضروریات کا خیال رکھتی ہے۔ تقریب سے محمد الطاف شیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔