میرپورخاص میں اساتذہ کی بھرتی کے لئے آئی بی اے کا ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کا مظاہرہ

ہفتہ 15 جنوری 2022 22:17

میرپور خاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2022ء) میرپورخاص میں اساتذہ کی بھرتی کے لئے آئی بی اے کا ٹیسٹ 50 سے 54 نمبر حاصل کرنے والے امیدواروں نے ملازمتیں نہ ملنے اور حکومت سندھ کی غلط پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے امیدواروں نے بھرپور شرکت کی،مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لئے معروف عالم دین مولانا حفیظ الرحمن فیض اور دیگر نے بھی شرکت کی اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رانا عدنان حفیظ،عثمان مغل،حسنین قائمخانی،سکندر اقبال،ولید قائمخانی کا کہنا تھا کہ سندھ میں اساتذہ کی غلط بھرتیاں سیاسی بنیادوں پر کی جا رہی ہیں سندھ حکومت اپنے من پسند امیدوار افراد کو ہارڈ ایریا کے نام سے 33 فیصد نمبر پر پاس کر رہی ہے جبکہ ہندو اقلیت امیدوارکو 50 نمبر پر پاس کیا گیا اور مسلم امیدوار کو 50 سے 54 نمبر لینے کے باوجود بھی فیل کیا گیا جو سراسر ظلم اور میرٹ کاقتل عام ہے،میرٹ کو برقرار رکھنے کی دعویدار آئی بی اے کی پالیسی کے خلاف امیدواروں کا کہنا تھا کہ IBA کی طرف سے لئے گئے PSTاور JEST میں 45 سے زیادہ غلطیاں تھیں لیکن IBA غلطیاں ماننے سے مسلسل انکار کر رہی ہے سندھ بھر میں JEST میں صرف 1250 امیدوار جبکہ PST میں صرف 6 ہزار امیدوار پاس ہوئے جبکہ حکومت سندھ کو محکمہ تعلیم میں 46 ہزار نئی اساتذہ کی بھرتیاں کرنی ہیں،سائیں سرکارمبینہ طور پر آئین کے آرٹیکل 25 اور -A25 کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہے اور اگر ہمیں اپنے حقوق کیلئے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ بھی جانا پڑا تو ہم جائیں گے اور اپنا حق لئے بغیر سکون سے نہیں بیٹھیں گے مظاہرین نے حکومت سندھ،سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری، فریال ٹالپراور وزیرتعلیم سید سردارعلی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنی جماعت کی منشور کو زندہ رکھنے کیلئے مسلم امیدوار سے انصاف کیا جائے اور مسلم امیدوار کو 50 نمبر حاصل کرنے پر پاس کیا جائے۔