اے ایس پی سلمان ایاز خان شہید (ستارہ شجاعت) کو سولہویں یوم شہادت پر پولیس افسران کا خراج تحسین

پنجاب پولیس اے ایس پی سلمان ایاز جیسے 1500 سے زائد بہادر شہداء کی وارث ہے‘ سی پی او راولپنڈی ساجد کیانی

اتوار 16 جنوری 2022 19:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2022ء) پنجاب پولیس کے بہادر سپوت اے ایس پی سلمان ایاز خان شہید (ستارہ شجاعت) کا سولہواں یوم شہادت پیر 17 جنوری کو منایا جارہا ہے اس سلسلے میں سلمان ایاز خان کی لازوال قربانی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پنجاب پولیس کا خصوصی دستہ خیبر پختونخواہ کے علاقہ صوابی میں اے ایس پی سلمان ایاز خان شہید کی آخری آرام گاہ پر سلامی پیش کرے گا۔

راولپنڈی پولیس کے افسران سلمان ایاز خان شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا بھی ہو گی۔اے ایس پی سلمان ایاز خان شہید کی یوم شہادت پر انہیں پولیس افسران و اہلکاروں نے اپنا خراج تحسین پیش کیا ہے۔ سلمان ایاز خان کے بیج میں شامل ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب کامران عادل نے کہا کہ سلمان ایاز خان ایک بہادر آفیسر تھے جس نے جوانمردی سے پولیس ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے ملزمان کا سامنا کیا اور شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔

(جاری ہے)

۔ سی پی او راولپنڈی ساجد کیانی نے کہا کہ اے ایس پی سلمان ایاز خان شہید کی گراں قدر قربانی پوری پنجاب پولیس کیلئے مثال ہے اور انکی خدمات کے پیش نظر راولپنڈی پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اور آئی جی پنجاب انیکسی میں موجود آفیسر میس کو سلمان ایاز خان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب عبدالغفار قیصرانی نے اے ایس پی سلمان ایاز خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہادت کی آرزو ہر پولیس افسر و اہلکار اپنے دل میں رکھتا ہے لیکن اللہ رب العزت اس سعادت کیلئے اپنے خاص بندوں کا انتخاب کرتا یے۔

اے ایس پی سلمان ایاز خان کا کیرئیر اور جذبہ خدمت پولیس فورس کا حصہ بننے والے تمام افسران کیلئے روشن مثال ہے۔ ان افسران کے علاوہ دیگر افسران و اہلکاروں نے بھی شہید اے ایس ہی سلمان ایاز خان کے یوم شہادت پر ویڈیو پیغامات ریکارڈ کروا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اے ایس پی سلمان ایاز خان شہید (ستارہ شجاعت) بطور ایس ڈی پی او صدر سرکل راولپنڈی تعینات تھے،17جنوری 2006 کو آپ نے پولیس پارٹی کی قیادت کرتے ہوئے اغواء برائے تاوان کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی کے علاقے کوہالہ خورد میں ریڈ کیا، ریڈ کے دوران ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، آپ نے بطور لیڈر انتہائی جوانمردی سے فائرنگ کا مقابلہ کیا، اسی اثناء میں آپ ملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے آپ کو سینے پر گولیاں لگیں اور آپ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش فرما گئے،بہادری کی اعلی مثال قائم کرنے پر سلمان ایاز خان کو سے نوازا گیا ہے۔