Live Updates

پی ٹی آئی کی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، فرخ حبیب

کامیاب جوان سپورٹس مہم کا آغاز وزیر اعظم عمران خان کے ملک میں کھیلوں کے فروغ کے ویژن کی عکاسی ہے، وزیر مملکت

اتوار 16 جنوری 2022 21:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2022ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، کامیاب جوان سپورٹس مہم کا آغاز وزیر اعظم عمران خان کے ملک میں کھیلوں کے فروغ کے ویژن کی عکاسی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پنجاب سٹیڈیم میں 42ویں نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف مثبت سوچ پیدا کرتے ہیں بلکہ انسانی ذہن کو صحت مند اور مضبوط بناتے ہیں، کھیلوں کی سرگرمیوں سے ہی ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کسی حکومت نے نوجوانوں اور کھیلوں کو قریب لانے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا،موجوہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپورٹس مہم کے تحت ملک بھر کے تمام گرانڈز میں کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔

ٹیلنٹ ڈرائیو کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے تحت 12 گیمز مردوں اور 10 خواتین سے متعلق ہیں،25 ریجنز سے بہترین باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منتخب باصلاحیت کھلاڑیوں کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت تعمیر کی جانے والی 12 سپورٹس اکیڈمیوں میں تربیت دی جائے گی اور ساتھ ہی ایک اعلی کارکردگی کی اکیڈمی بھی بنائی جائے گی۔

فرخ حبیب نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت گراس روٹ لیول سے کھلاڑیوں کی تربیت اور فروغ کے لیے ایک مکمل نظام وضع کیا گیا ہے، کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر کارکردگی دکھانے کی تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تین سالوں کے دوران پنجاب کی وزارت کھیل نے کھیل کے میدانوں کو 100 فیصد تک بڑھا دیا ہے، ہاکی کے لیے ایک ہائی پرفارمنس اکیڈمی کے علاوہ ایک سنٹر آف ایکسیلنس بھی بنایا جا رہا ہے جبکہ سیالکوٹ اور فیصل آباد میں ایک سکواش اکیڈمی اور دو ہائی پرفارمنس کرکٹ اکیڈمیاں بھی بنائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی وینیو پر 2020 میں پاکستان کبڈی ٹیم ورلڈ چیمپئن بنی تھی۔بعد ازاں وزیر مملکت نے فائنل کبڈی میچ جیتنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چوہدری شافع حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات