ابو ظہبی دھماکوں میں ایک پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے

ابوظہبی میں ایندھن کے ٹینکر میں دھماکے سے ایک پاکستانی اور 2 ہندوستانی شہری مارے گئے ، 6 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ، دونوں مقامات پر لگی آگ پر قابو پالیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 17 جنوری 2022 16:56

ابو ظہبی دھماکوں میں ایک پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 جنوری 2022ء ) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں ہونے والے دھماکوں کے بعد لگنے والی آگ میں پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے رپورٹ کیا کہ ابوظہبی میں ایندھن کے ٹینکر میں دھماکے سے 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے، مرنے والوں میں ایک پاکستانی اور 2 ہندوستانی شہری شامل ہیں جب کہ 6 دیگر افراد جو زخمی ہوئے ان کو ہلکے سے درمیانے درجے کے زخم آئے ، دونوں آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور فضائی ٹریفک متاثر نہیں ہوئی۔

ادھر عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے اطلاع دی کہ ابوظہبی میں تین آئل ٹینکرز میں دھماکہ اور امارات کے نئے ہوائی اڈے کی توسیع کی تعمیراتی جگہ میں آگ ممکنہ طور پر ڈرون کی وجہ سے تھی جب کہ یمن کے حوثی باغیوں نے کہا کہ انہوں نے متحدہ عرب امارات پر حملہ کیا ، حوثی ملیشیا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حوثی آنے والے گھنٹوں میں متحدہ عرب امارات میں ایک بڑے فوجی آپریشن کا اعلان کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات نے عرب اتحاد کے ایک حصے کے طور پر 2015 میں یمن کی خانہ جنگی میں مداخلت کی تھی ، گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات کے ایک مال بردار بحری جہاز روابی کو حوثی فورسز نے یکم جنوری کی رات ہائی جیک کر لیا تھا۔ عرب اتحاد کے مطابق یہ بحری جہاز یمن کے جزیرے سوکوترا سے سعودی عرب کی بندرگاہ جازان کی طرف جا رہا تھا ، جس میں ایک سعودی کمپنی کی طرف سے لیز پر لیا گیا سامان تھا جو جزیرے کے ایک فیلڈ ہسپتال میں استعمال کیا جاتا تھا ، جہاز میں سات ہندوستانی ملاح، ایک ایتھوپیا، اور انڈونیشیائی، ایک فلپائنی اور میانمار کا ایک ملاح سوار تھا۔