افہام و تفہیم اور مشترکہ تعاون ہی افغانستان کےمسائل کا واحد حل ہے، شرکااوسلو مذاکرات

بدھ 26 جنوری 2022 13:02

افہام و تفہیم اور مشترکہ تعاون ہی افغانستان کےمسائل کا واحد حل ہے، ..
اوسلو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جنوری 2022ء) افغانستان کی عبوری حکومت کے نمائندوں اورمعاشرے کے مختلف شعبوں سےتعلق رکھنے والےافغانوں نے تمام شہریوں پرزوردیاہے کہ وہ ملک میں بہتر نتائج کے لیے مل کر کام کر یں ۔یہ بات اوسلو مذاکرات کے بعدایک مشترکہ جاری بیان میں کہی گئی۔ ناروے  حکومت کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اوسلواجلاس کے شرکانے تسلیم کیاکہ افہام و تفہیم اور مشترکہ تعاون ہی افغانستان کے تمام مسائل کا واحد حل ہے۔

بیان کے مطابق تمام شرکا نےایسی ملاقاتوں کو ملکی مفاد میں قرار دیا۔شرکا نے اس بات کی تصدیق کی کہ افغانستان تمام افغانوں کا مشترکہ گھر ہے اور اس بات پر زور دیا کہ تمام افغانوں کو ملک میں بہتر سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کے نتائج کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ناروے نے افغان عبوری حکومت کے نمائندوں کو 23-25 ​​جنوری کو اوسلو میں ناروے کے حکام اور بین الاقوامی برادری کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دیگر افغانوں کے ساتھ ملاقاتوں کے لیے مدعو کیا تھا۔

ناروے کی وزارت خارجہ نے کہا کہ ناروے کی امن اور مفاہمت کی کوششوں کے بنیادی اصولوں  سےتمام فریقین  کو  افغانستان  میں درپیش مسائل کے حل کے  لئے آمادہ کرنا ہے  اور  ناروے کئی سالوں سے طالبان کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔دریں اثناافغان حکومت کے وفد نے اوسلو اجلاس کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔