ضلع کورنگی پولیس کا ڈکیت گروہوں سے مقابلہ ، 13ڈکیت سمیت 32ملزمان گرفتار

بدھ 26 جنوری 2022 16:55

ضلع کورنگی پولیس کا ڈکیت گروہوں سے مقابلہ ، 13ڈکیت سمیت 32ملزمان گرفتار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2022ء) ضلع کورنگی پولیس کا ڈاکوؤں ، اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف بھر پور ایکشن ، زمان ٹاؤن اور سعودآباد میں مقابلے ، مجموعی 13ڈکیت سمیت 32ملزمان گرفتار، اسلحہ، منشیات، موٹر سائیکلیں، مضر صحت گٹکا ماوا برآمد۔ گرفتار شدگان میں گیارہ مفرور و اشتہاری بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ضلع کورنگی شاہ جہان خان کے خصوصی ٹاسک پر ضلع کورنگی کے 10تھانے زمان ٹاؤن، سعودآباد، کورنگی صنعتی ایریا، عوامی کالونی، کورنگی، لانڈھی، الفلاح، ماڈل کالونی، شاہ فیصل کالونی اور کھوکھراپار پولیس متحرک ہو گئی اور ڈکیت و اسٹریٹ کرمنل گروہوں، موٹر سائیکل لفر گینگ، منشیات و گٹکا مافیاز کے خلاف بھر پور ایکشن اور پولیس کو مطلوب مفرور و اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوںکے لیے چھاپے مارے۔

(جاری ہے)

کاروائیوں کے دوران سب ڈویژن کورنگی میں ڈی ایس پی کورنگی اسلم جویا کی نگرانی میں ایس ایچ او زمان ٹاؤن ہمایوں احمد نے پولیس پارٹی کے ہمراہ علاقے میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ ملزمان کا تعاقب کیا اور مقابلے کے بعد ڈکیت و اسٹریٹ کرمنلز گروہوں و موٹر سائیکل لفٹر گینگ کے مجموعی 6ملزمان گرفتار کر کے چھینی و مسروقہ 3موٹر سائیکلیں، موبائل فونز، ایک ماوزر، 2پستول اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔

جبکہ منشیات کے مقدمہ میں ایک ملزم اور پولیس کو متفرق مقدمات میں مطلوب 11مفرور ملزمان بھی گرفتار کر لیئے۔علاوہ ازیںڈکیت و اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کاروائیوں میں کورنگی پولیس نے 2ڈکیت ، کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے ایکشن اور مقابلے کے بعد 2اسٹریٹ کرمنلز، عوامی کالونی نے ایک ڈکیت، ایس ایچ او سعودآباد فراز خان نے گشت کے دوران مقابلے کے بعد اسٹریٹ کرمنل گینگ کا ایک ملزم اور کھوکھراپار پولیس نے ایک ڈکیت گرفتار کر لیا۔

دریں اثناء لانڈھی پولیس نے جوا سٹہ کے خفیہ اڈے پر کامیاب چھاپہ مار کر 8جواریوں کو گرفتار کر لیا۔ سعودآباد پولیس نے منشیات کے مقدمہ میں ایک ملزم گرفتار کر کے چرس کی راڈیں برآمد کر لیں۔ کورنگی پولیس نے مضرصحت گٹکا ماوا سپلائیر سمیت 2ملزمان گرفتار کر لیئے۔ ایس ایس پی ضلع کورنگی شاہ جہان خان نے کرمنلز و جرائم پیشہ کے خلاف کامیاب کاروائیاں کرنے پر ایس ایچ اوز کو شاباش اور پولیس پارٹیز کو انعامات دینے کا اعلان کیا۔