Live Updates

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے جلد مدینہ منورہ میں پاسپورٹ آفس کھولنے کی خوشخبری

ابھا، جازان، الباحہ، بیشا اور نجران میں بھی پاسپورٹ دفاتر کے قیام کے لیے تیزی سے کام کرنے کا اعلان

muhammad ali محمد علی جمعرات 27 جنوری 2022 21:54

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے جلد مدینہ منورہ میں پاسپورٹ آفس ..
مدینہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جنوری 2022ء) سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے جلد مدینہ منورہ میں پاسپورٹ آفس کھولنے کی خوشخبری، 5 سعودی شہروں میں بھی پاسپورٹ دفاتر کے قیام کے لیے تیزی سے کام کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے کیلئے اہم فیصلہ کیا گیا ہے، مملکت میں مزید پاسپورٹ دفاتر کھولنے کی خوشخبری سنائی گئی ہے۔

اس حوالے سے اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز ایوب آفریدی نے اپنے حالیہ دورہ مدینہ کے دوران اعلان کیا کہ مدینہ منورہ میں جلد ہی پاسپورٹ آفس کھولا جائے گا، جبکہ مزید سعودی شہروں ابھا، جازان، الباحہ، بیشا اور نجران میں بھی پاسپورٹ دفاتر کے قیام کے لیے تیزی سے کام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مشیر خاص نے مدینہ میں پاکستانی کمیونٹی کی شکایات سنیں اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کو ان شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ ایوب آفریدی نے ہدایت کی کہ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی مدینہ میں ہفتہ وار یا زیادہ سے زیادہ دو ہفتے بعد کھلی کچہری کا انعقاد کریں، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی قیدیوں اور دیت کے مسائل کے لیے قانونی فرم کی خدمات حاصل کریں۔

انہوں نے ہروب اور خاتمہ اقامہ کے حوالے سے بھی پاکستانیوں کے مسائل کو سفارتی کوششوں کے ذریعے نمٹانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم کے مشیر نے بیرون ممالک میں انتقال کر جانے والے پاکستانیوں کی میتوں کی نقل و حمل کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے بھی جلد ہی ایک طریقہ کار وضع کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ یہاں واضح رہے کہ ایوب آفریدی کو وزیر خزانہ شوکت ترین کیلئے سینیٹ کی نشست چھوڑنے کے بعد وزیر اعظم کی جانب سے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز تعینات کیا گیا تھا۔ مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز کا عہدہ ملنے کے بعد سے ایوب آفریدی بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے خاصے متحرک نظر آ رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات