نوازشریف کا بلوچستان میں10بہادر فوجی جوانوں کی شہادت پر انتہائی دکھ کا اظہار

وطنِ عزیز کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور یہ جوان ہمارا فخر ہیں، دکھ کی گھڑی میں میری ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 28 جنوری 2022 20:15

نوازشریف کا بلوچستان میں10بہادر فوجی جوانوں کی شہادت پر انتہائی دکھ ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جنوری 2022ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں10بہادر فوجی جوانوں کی شہادت پر انتہائی دکھ ہوا، وطنِ عزیز کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور یہ جوان ہمارا فخر ہیں، دکھ کی گھڑی میں میری ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے تعزیتی ٹویٹ میں کہا کہ بلوچستان کے علاقے کیچ میں دس بہادر فوجی جوانوں کی شہادت کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔

وطنِ عزیز کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور یہ جوان ہمارا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں میری ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالٰی شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے۔

(جاری ہے)

آمین اسی طرح صدرمسلم لیگ ن شہبازشریف نے کہا کہ دہشت گردی کی تازہ لہر زیادہ مہلک ہے جس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف ہماری کامیابیوں کو ضائع کرنا ہے۔

قوم پوری قوت کے ساتھ اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہمیں ان کی عظیم قربانیوں پرفخر ہے۔ نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کیچ میں 10 فوجی جوانوں کی شہادت کا سن کر دل بہت افسردہ ہے، وطن عزیز کی محبت میں جان قربان کردینے والے بہادر جوانوں اور ان کے خاندانوں کو ہم سب کا سلام۔ اللّہ شہدا کو بہترین جزا عطا فرمائے اور ان کے پیاروں کو صبر جمیل دے۔

آمین۔ یاد رہے بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملے میں پاک فوج کے 10 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق 25 اور 26 جنوری کی درمیانی شب کو کیچ کے علاقے میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا، اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 10 جوان جام شہادت نوش کر گئے، جبکہ جوابی کاروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ چیک پوسٹ حملے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد گرفتار بھی کیے گئے۔ جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔ مسلح افواج دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، ہر قیمت پر دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا۔