ظ*سابق وفاقی وزیر تعلیم سید منیر حسین گیلانی نے اپنی یادداشتوں کو تحریر کرلیا

اتوار 6 فروری 2022 19:25

۱لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 فروری2022ء) سابق وفاقی وزیر تعلیم اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی نے اپنی یادداشتوں پر مشتمل تحریر کو کتابی شکل میں مکمل کرلیا ہے۔1967ء میں پیپلز پارٹی کے کارکن کی حیثیت سے سیاست کا آغاز کرنے والے منیر گیلانی نے پی پی پی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور آئین پاکستان کی تشکیل کرنیوالے میاں محمو د علی قصوری کی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں انہوں نے جنرل ضیاء الحق کے مارشل لاء کے دوران مفتی جعفر حسین کی قیادت میں تحریک جعفریہ میں شمولیت اختیار کرلی۔اور سیاسی سیل کے انچارج نامزد ہوئے۔ نگران وزیر اعظم بلخ شیر مزاری کی کابینہ میں وفاقی وزیر تعلیم کی حیثیت سے قلمدان سنبھالا اور قومی سیاست میں بھرپور کردار ادا کیا۔ 1993ء کے انتخابات میں تحریک جعفریہ میں اختلافات پر پارٹی کو خیرباد کہنے کے بعد منیر گیلانی نے اپنی جماعت اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ قائم کی اور پاکستان عوامی اتحاد میں میاں نواز شریف اور اے آر ڈی میں جنرل پرویز مشرف کی فوجی حکومت کے خلاف بھرپور سیاسی کردار ادا کیا۔ منیر گیلانی کی یاداشتیں جو دو جلدوں پر مشتمل ہیں۔ جن کی اشاعت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔