رانا ثنااللہ کیخلاف توہین عدالت کی ترمیمی درخواست دائر

بدھ 9 فروری 2022 19:09

رانا ثنااللہ کیخلاف توہین عدالت کی ترمیمی درخواست دائر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2022ء) لاہور ہائیکورٹ میں مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کیخلاف توہین عدالت کی ترمیمی درخواست دائر کردی گئی۔پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ ملک کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ رانا ثنااللہ نے 30 جنوری کو عدلیہ اور ججز کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کئے۔

رانا ثنااللہ کا عدلیہ اور ججز کیخلاف بیان سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

راناثنااللہ نے اپنے بیان میں نہ صرف ججز کو دھمکیاں دیں بلکہ عدلیہ کو متنازعہ بھی بنایا ۔ سپریم کورٹ اسی نوعیت کے کیسز میں نہال ہاشمی ،طلال چودھری اور دیگر کیخلاف کارروائی کر چکی ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ رانا ثنااللہ کو طلب کر کے عدلیہ مخالف بیان دینے پر وضاحت مانگی جائے اور بیان بازی پر رانا ثنااللہ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے رانا ثنا اللہ کے خلاف دائر درخواست مکمل دستاویزات کے ساتھ دوبارہ دائر کرنے کی ہدایت کی تھی۔