عالمی معیشت کیلئے خوفناک پیشن گوئی

جے پی مورگن نے خام تیل کی قیمت 185 ڈالرز فی بیرل کی سطح تک پہنچ جانے کا خدشہ ظاہر کر دیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 4 مارچ 2022 00:48

عالمی معیشت کیلئے خوفناک پیشن گوئی
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مارچ2022ء) عالمی معیشت کیلئے خوفناک پیشن گوئی، جے پی مورگن نے خام تیل کی قیمت 185 ڈالرز فی بیرل کی سطح تک پہنچ جانے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی ملٹی نیشنل انویسٹمنٹ بینک جے پی مورگن کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ اگر تیل کی عالمی مارکیٹ میں روسی تیل کی سپلائی میں رکاوٹیں برقرار رہیں تو خام تیل کی قیمت 185 ڈالرز فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس وقت عالمی مارکیٹ میں 66 فیصد روسی خام تیل کو خریدار نہیں مل رہے، جبکہ امریکی صدر پر بھی دباو ڈالا جا رہا ہے کہ روسی تیل کی خریداری بند کی جائے، تاہم جو بائیڈن نے اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ خیال رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز پر روس اور یوکرین کے درمیان بات چیت کی کے آغاز کی اطلاعات سامنے آنے پر تیل کی قیمتوں میں کچھ استحکام آیا تھا، تاہم جنگ کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال نے تیل کی عالمی مارکیٹ کو پھر سے بحران کا شکار کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین کا کہنا ہے کہ روس پر امریکی پابندیوں نے تیل کی عالمی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔ امریکہ کی جانب سے روس کی تیل کی مصنوعات پر پابندیاں عائد نہیں کی گئیں، تاہم سرمایہ کار روس کی تیل کی مصنوعات کی خریداری سے گریز کر رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ خریدار روس کو ادائیگیوں کے حوالے سے درپیش خدشات کے باعث روسی تیل کی خریداری سے گریز کرنے پر مجبور ہیں۔

واضح رہے کہ روس تیل پیدا کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے، جو بنیادی طور پر یورپی ریفائنریز کو خام تیل فروخت کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یورپ کو قدرتی گیس کا سب سے بڑا فراہم کنندہ بھی روس ہی ہے، جو اس کی سپلائی کا تقریباً 35 فیصد فراہم کرتا ہے۔ دوسری جانب روس یوکرین جنگ کے عالمی معیشت پر بدترین اثرات سامنے آنے لگے، انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں ریکارڈ بلندی کو چھونے لگیں، برطانوی خام تیل کی قیمت 120 ڈالر فی بیرل کی سطح کو چھو گئی۔ اس تمام بحرانی صورتحال میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مستحکم رکھنے کے لیے امریکہ نےاپنے اسٹریٹیجک ذخائر سے 30 ملین بیرل تیل جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔