Live Updates

ہوٹل میں علامتی تقریب، حمزہ شہباز کے وزیراعلیٰ بننے پر اعتزاز احسن کا ردِعمل

وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے علامتی تقریب کو کوئی تسلیم نہیں کرے گا، بےشک حمزہ شہباز خود کو کہتے رہیں کہ میں وزیراعلیٰ ہوں لیکن اس کو کوئی تسلیم نہیں کرے گا۔ماہر قانون دان اعتزاز احسن کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 7 اپریل 2022 12:40

ہوٹل میں علامتی تقریب، حمزہ شہباز کے وزیراعلیٰ بننے پر اعتزاز احسن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اپریل2022ء) سینئر قانون دان اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ عجلت سے کام کر رہی ہے۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کافی عجلت سے کام کر رہی ہے اور بڑی لچک اور رعایت دکھا رہی ہے۔اکثر کہتا ہوں کہ پاکستان میں ماضی کے علاوہ کوئی پیشگوئی نہیں ہو سکتی اور ابھی تین دن پہلے لوگ جو سوچ رہے تھے ، پھر عمران خان نے جو کیا وہ میرے لیے بالکل سرپرائز تھا۔

میرے ذہن میں ہی نہیں تھا کہ یہ بھی ہو سکتا ہے جو اس نے چال چلی ہے اور ابھی میرا یہ ماننا ہے کہ ماضی کے علاوہ پاکستان میں کوئی پیشگوئی نہیں کی جا سکتی۔بہت کچھ ہو سکتا ہے اگر آمنے سامنے آ جائیں تو۔مریم نواز اور حمزہ شہباز کے ساتھی بھی بہت جانثار ہیں اور پی ٹی آئی والے بھی بڑے ٹائیگرز ہیں اور اپنے قائد کا دفاع کرنے کے لیے بڑے جوش میں ہیں، کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کے لیے ہوٹل میں اگر اس طرح کی کوئی کارروائی یا تقریب ہو تو اسے کوئی تسلیم نہیں کرے گا، بےشک وہ خود کو کہتے رییں کہ میں وزیراعلیٰ ہوں لیکن اس کو کوئی تسلیم نہیں کرے گا۔خیال رہے کہ متحدہ اپوزیشن کے علامتی اجلاس میں حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب کرنے کی قراردادمنظور کر لی گئی ،اجلاس میں شریک 200اراکین اسمبلی نے کھڑے ہو کر قرارداد کی منظوری دی ، قراردادمنظور ہوتے ہوئے پنڈال وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے نعروں سے گونج اٹھا ، اجلاس میں مریم نواز ،عطا اللہ تارڑ ، عون چوہدری سمیت دیگر بھی شریک ہوئے ۔

متحدہ اپوزیشن کا علامتی اجلاس مال روڈ پر واقع نجی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں مسلم لیگ(ن)، پیپلزپارٹی ،جہانگیر ترین گروپ، علیم خان گروپ ،اسد کھوکھر گروپ سمیت دیگر ہم خیال اراکین اسمبلی نے شرکت کی ۔ پنجاب اسمبلی کے رواں سیشن کیلئے پینل آف چیئرمین میں شامل شازیہ عابد نے اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری اقبال گجرنے قرارداد پیش کی جس کے متن میں کہا گیا کہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی جانب سے طلب کئے گئے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں کے 200اراکین کی موجودگی میں حالیہ دنوں میں پنجاب اسمبلی میں اٹھائے گئے غیر آئینی او رغیر قانونی اقدامات کی بھرپو رمذمت کرتا ہے ۔

یہ اجلاس 200ممبران کی واضح اکثریت سے حمزہ شہباز پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتا ہے ۔تمام ممبران اسمبلی نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہو قرارداد کی منظوری جس کے بعد ہال وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے نعروں سے گونج اٹھا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات