Live Updates

پی پی، ن کے بعد تحریک انصاف بھی ناکام اور عوام دشمن حکومت ثابت ہوئی ‘لیاقت بلوچ

پی ٹی آئی کا غیر جمہوری، شرارتی اور غیر مہذب رویہ سیاست کا روگ بن گیا ہے‘نائب امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 9 اپریل 2022 23:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2022ء) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران سرکار کی تمام تدبیریں الٹی ہوگئی ہیں۔ پی ٹی آئی کا غیر جمہوری، شرارتی اور غیر مہذب رویہ سیاست کا روگ بن گیا ہے۔ جامع مسجد اعلیٰ میں خطاب جمعہ اور مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت اپنی نااہلی، تکبر، فساد، مشیروں، ترجمانوں کی وجہ سے اقلیت میں چلی گئی۔

اکثریت کھودنے کے بعد باوقار جمہوری رویہ یہ تھا کہ عمران خان خود ہی اقتدار چھوڑ دیتے۔ کرسی پرستی کا عجب رنگ قوم دیکھ رہی ہے۔ عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، افراط زر، سٹریٹ کرائمز، کرپش، بے تحاشا رشوت اور سرکاری اداروں کے سٹیٹس کو میں پھنسا دیا۔

(جاری ہے)

حکومتی ناکامی کو چھپانے کے لیے عالمی امریکی سازش کا سہارا لے کر انتخابات کے لیے جعلی بیانیہ تیار کیا جارہا ہے۔

عمران خان سرکار نے نے امریکہ، یورپ، آئی ایم ایف کو جس قدر ریلیف دیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ پرانے پاکستان میں بھی عوام کو بیوقوف بنانے کے یہی ناٹک تھے اور نیا پاکستان بھی ایسے ہی ناٹکوں کے بھنور میں ہے۔لیاقت بلوچ نے سوالات کے جواب میں کہا کہ پی پی پی، ن لیگ کے بعد تحریک انصاف بھی ناکام اور عوام دشمن حکومت ثابت ہوئی ہے۔ عمران خان نے پہلے احتساب، سٹیٹس کو کو ختم کرنے اور نیا پاکستان کے بیانیہ سے عوام کو گمراہ کیا، اب امریکہ مخالف بیانیہ سے ووٹرز خصوصاً اپنے حامیوں کو گمراہ کررہے ہیں۔

ریاست مدینہ نظام کے وعدے سے انحراف کی وجہ سے عمران خان حکومت اللہ تعالیٰ کی گرفت میں آئی ہے۔ جماعت اسلامی عوام کو دعوت دیتی ہے کہ ماہ رمضان کی مبارک ساعتوں میں رجوع الی اللہ کیا جائے۔ عوام اپنے گناہوں کی اللہ سے معافی طلب کریں، نمائشی، سطحی اور جذباتی سیاست کا حصہ بننے کی بجائے حق کے پلڑے میں اپنا وزن ڈالیں۔ جماعت اسلامی ملک بھر میں گھر گھر جاکر عوامی رابطہ مہم کی جدوجہد کرے گی۔

ہم عوام کو قائل کریں گے کہ ایک ہی خطرناک سوراخ سے بار بار ڈسے جانے سے انکار کریں۔لیاقت بلوچ جماعت اسلامی سابق ڈائریکٹر میڈیا محمد انور خان نیازی کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم فرض شناس اور ملکی سیاسی، دینی حوالوں سے خبر اور مضامین کی بڑی مہارت رکھتے تھے۔ مرحوم نے سید ابوالاعلیٰ مودودی، میاں طفیل محمد، قاضی حسین احمد، سید منور حسن، سراج الحق کی امارت میں شاندار خدمات سرانجام دیں۔ سیاسی کارکنان کے لیے ان کی زندگی رول ماڈل ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات