Live Updates

وزیراعظم عمران خان کے جانے کے بعد پی سی بی میں بھی تبدیلی کا امکان

موجودہ چیئرمین رمیز راجہ کے عہدے پر برقرار رہنا ممکن نہ ہوگا،نجم سیٹھی بطور چیئرمین دوبارہ واپس آ سکتے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 10 اپریل 2022 16:09

وزیراعظم عمران خان کے جانے کے بعد پی سی بی میں بھی تبدیلی کا امکان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 اپریل 2022ء ) وزیر اعظم عمران خان کے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں بھی تبدیلی کا امکان ہے، نجم سیٹھی بطور چیئرمین دوبارہ واپس آ سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی کی بطور چیئرمین کرکٹ بورڈ ایک اور اننگز کے امکانات روشن ہیں جب کہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ موجودہ سربراہ رمیز راجہ بہت جلد از خود مستعفی ہو جائیں گے۔

نجم سیٹھی کے اپوزیشن لیڈر اور ممکنہ نئے وزیر اعظم شہباز شریف سے قریبی تعلقات ہیں۔ وہ کرکٹ بورڈ میں واپسی کے خواہشمند ہیں اور ابتدائی بات چیت کا آغاز ہو چکا ہے۔ 73 سالہ نجم سیٹھی نے پہلی بار 2013ء میں بطور چیئرمین خدمات انجام دیں لیکن انہیں چوہدری محمد ذکا اشرف کے ساتھ قانونی جنگ لڑنی پڑی۔ وہ 2014ء میں چارج پر واپس آئے لیکن شہریار خان کو چیئرمین نامزد کیا گیا اور سیٹھی کو طاقتور ایگزیکٹو کمیٹی کا چارج دیا گیا۔

(جاری ہے)

پردے کے پیچھے ان کے پاس اہم اختیارات تھے۔ اگست 2017ء میں انہیں دوبارہ بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا لیکن ایک سال بعد عمران خان کی جانب سے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے اور آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی کو کرکٹ بورڈ کا نیا سربراہ مقرر کرنے کے بعد انہوں نے استعفیٰ دے دیا۔ نجم سیٹھی پی سی بی میں اپنا کچھ نامکمل کام مکمل کرنا چاہتے ہیں جب کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو ایک بڑا برانڈ بنانے میں بھی کافی دلچسپی رکھتے ہیں جو ان کے دور میں شروع ہوا تھا۔

ان کے کچھ قریبی لوگوں کی پی سی بی میں واپسی کا بھی امکان ہے۔ موجودہ عہدے داروں میں سے بہت سے اپنے عہدے نہیں بچا سکیں گے، ان میں سب سے اہم نام ذاکر خان کا ہے جو اس وقت ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کے عہدے پر فائز ہیں۔ دوسری جانب نئی حکومت کے تحت پرانے ملکی نظام کی واپسی کا امکان بھی روشن ہے۔ عمران خان کے کہنے پر بنائے گئے نظام میں محکموں کو ختم کر کے ڈومیسٹک کرکٹ کو چھ ایسوسی ایشنز تک محدود کر دیا گیا جس سے ہزاروں کرکٹرز بے روزگار ہو گئے۔

اگرچہ سابق چیئرمین احسان مانی نے دعویٰ کیا کہ کرکٹرز اور کوچز کی آمدنی پہلے جیسی ہوگی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ بہت سے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مجبور کیا گیا ہے کہ وہ کھیل سے دور ہو جائیں اور دوسرے کام کرنے کی طرف دیکھیں۔ اب تک ملکی نظام میں کوئی بہتری نظر نہیں آئی۔ محکموں کو دوبارہ ٹیمیں بنانے پر آمادہ کرنا آسان نہیں ہوگا۔ اگلے ماہ پاکستان کرکٹ میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات