عوام کو درپیش مسائل کا فوری حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، زاہد اکرم خان درانی

مقصد کے حصول کیلئے تمام میسر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی منیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 27 اپریل 2022 23:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2022ء) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم خان درانی نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور عام آدمی کی میعار زندگی کو بلند کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام میسر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار منیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ(ایس این جی پی ایل) سے گفتگو کرتے ہوے کیا جنہوں نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں جنرل مینیجر ایس این جی پی ایل خیبر پختونخوا بھی موجود تھے۔ملاقات میں جنوبی اضلاع خصوصاً این اے 35 بنوں میں سوئی گیس سے متعلقہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی اسپیکر نے ایم ڈی ایس این جی پی ایل سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں قدرتی گیس کے وافر ذخائر موجود ہیں جن سے نا صرف خیبر پختونخوا بلکہ ملک کے دیگر حصوں کو بھی گیس فراہم کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم ان اضلاع کے رہنے والوں کو گیس کی سپلائی ، لوڈ شیدڈنگ ، کم پریشر جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ڈپٹی اسپیکر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35 بنوں کے مختلف یونین کونسلوں اور علاقوں میں سوئی گیس کی لوڈ شیدڈنگ ، کم پریشر اور سپلائی سے متعلق مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔منیجنگ ڈائریکٹر ایس این جی پی ایل علی جاوید حمدانی نے ڈپٹی اسپیکر کو قومی اسمبلی کو جنوبی اضلاع خصوصا قومی اسمبلی حلقہ این اے 35 کے گیس سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہائی کروائی۔