سرگودھا، ایک کروڑ روپے سے زائد مالیتی گندم اسمگل کی کوشش ناکام

جمعرات 12 مئی 2022 15:43

سرگودھا، ایک کروڑ روپے سے زائد مالیتی گندم اسمگل کی کوشش ناکام
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2022ء) محکمہ خوراک سرگودھا نے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیتی گندم اسمگل کی کوشش ناکام بناکر گندم سے بھری گاڑیوں سے ہزاروں تھیلے گندم قبضے میں لے لیے گئے جبکہ ڈرائیور پولیس کو دیکھ کر گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہوگئے،جن کیخلاف مقدمات درج کروائے جا رہے ہیں۔زرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سرگودھاچوہدر ی محمد خالد کو اطلاع ملی کہ سرگودھا سے گاڑیوں میں بھر کر بذریعہ موٹر وے انٹرچینج کوٹمومن گندم سمگل کی جارہی ہے جس پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرچوہدری محمد خالد نے سیال موڑ سنٹر کے انچارج فوڈ انسپکٹر حافظ ذوالفقارعلی اورفوڈ انسپکٹر سیف اللہ کی نگرانی میں چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی۔

جس نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موٹروے کوٹ مومن انٹرچینج کے قریب گاڑیوں کو روک کر ایک کروڑ روپے مالیت کی گندم سمگل کی کوشش ناکام بنا دی اور ہزاروں گندم کے تھیلوں اور سمگل کے لئے زیر استعمال گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا جن کے ڈرائیور پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

اس حوالہ سے ڈی ایف سی سرگودھا چوہدری محمدخالد کا کہنا تھا کہ سمگل ہونے والی کروڑوں روپے کی گندم قبضے میں لے لی گئی اورملزمان کے خلاف مقدمہ کروایا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سرگودھا کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے انشااللہ گندم کا ایک دانہ بھی ضلع سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا۔