جامعہ زرعیہ نے آؤٹ ریچ پروگرام میں وسعت لانے کیلئے فوری اقدامات کا اعلان کردیا

جمعہ 13 مئی 2022 21:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2022ء) زرعی یونیورسٹی ٖفیصل آبادکے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے سائنسدا نوں کو تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کی بدولت کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لانا ہوں گے تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے سے غذائی خود کفالت کے حصول کو ممکن بنایا جا سکے۔

اس امر کا اظہار انہوں نے ڈینز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی دیگر زرعی ادارہ جات کے ساتھ مربو ط روابط کو مستحکم بنا رہی ہے تاکہ ملکی ترقی کیلئے اجتماعی کاوششیں بر وئے کار لائی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ تحقیق کو لائبریری کی زینت بننے کی بجائے کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے آؤٹ ریچ کے نظام میں وسعت لائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے طلبا نے کھیت کھیت کھلیان کھلیان جا کر گندم مہم میں کاشتکاروں کو جدید رحجانات سے روشناس کروایااور اب زرعی یونیورسٹی کپاس اگاؤ مہم کا اجرا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ز رعی یونیورسٹی فیصل آباد میں نئے علوم اور عالمی سطح پر جدید رجحانات کی روشنی میں مختلف کلیہ جات اور تدریسی شعبوں کی ری سٹرکچرنگ کی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو مربوط،جامع اور متنوع علوم سے روشناس کرواکر مستقبل کی ضروریات کا احاطہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ علم کی کوئی سرحد نہیں لہٰذا ہمیں خود احتسابی کے عمل سے گزرتے ہوئے کھلے قلب و ذہن کے ساتھ ناگزیر تبدیلیوں کیلئے خود کوتیار کرنا ہوگا تاکہ 22کروڑ آبادی پر مشتمل ملک پاکستان میں اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے مقاصد پوری یکسوئی کے ساتھ حاصل کئے جا سکیں۔انہوں نے کہاکہ ہماری قوم کو قدرت نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی خداداد قابلیت میں مزید نکھار پیدا کرنے کیلئے مناسب ماحول مہیا کیا جائے تاکہ وہ ان صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیابیو ں و کامرانیوں کا سفر احسن انداز سے طے کر سکیں۔