Live Updates

پاکستان کی حقیقی آزادی کیلئے عوام کو عمران خان کے سنگ امپورٹڈ حکومت سے نجات دلانا ہوگی ، ملک محمد عامر ڈوگر

عوام اپنے حوصلے بلند رکھے ہوئے ہیں ،عمران خان کے سنگ سازشی ٹولے سے جلد ہی نجات پالیں گے،سابق وزیر مملکت

ہفتہ 14 مئی 2022 23:33

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2022ء) سابق وزیر مملکت و سابق ایم این اے این اے 155 ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ پاکستان کی حقیقی آزادی کیلئے عوام کو عمران خان کے سنگ امپورٹڈ حکومت سے نہ صرف نجات دلانا ہوگی بلکہ عمران خان کے حالیہ جلسوں میں عوام کی مثالی شرکت نے یہ ثابت کردیا ہے کہ عمران خان ہی پوری قوم کے نجات دہندہ ہیں، حقیقی ملکی آزادی کے علمبردار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ این اے 155 کی مختلف یونین کونسلوں یوتھ ونگ، خواتین ونگ ملتان سٹی کے مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثنائ این اے 155 ملتان شہر میں حقیقی آزادی کی جنگ عمران خان کے سنگ و امپورٹڈ حکومت نامنظور کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم (موبلائزیشن) اور ملتان میں 20 مئی کو ہونے والے جلسہ عام، حقیقی آزادی مارچ برائے اسلام آباد میں عوام کی شرکت کے حوالے سے شہر کی مختلف یونین کونسلوں میں موبلائزیشن کے موقع پر ملک محمد عامر ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ موجودہ حکمران نہ صرف نااہل ہیں بلکہ حکومت چلانا ان کے بس کی بات نہیں کیونکہ کنٹرول نہ ہونے والی لوڈ شیڈنگ اور لاقانونیت کے ساتھ ساتھ موجودہ حکومت کی بدمعاشی عیاں ہوچکی ہے لیکن عوام اپنے حوصلے بلند رکھے ہوئے ہے اور عمران خان کے سنگ اس سازشی ٹولے سے جلد ہی نجات پالیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب ان نااہل حکمرانوں نے پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں کو سبوتاڑ کرنے کیلئے بھی اپنی غیر قانونی حرکتیں شروع کردی ہیں جس کی واضح مثال سیالکوٹ کے جلسے کو ناکام بنانے کی حکومتی مشینری کی بدمعاشی عوام کے سامنے ہے۔ ملک محمد عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ ملتان پاکستان تحریک انصاف کا قلعہ ہے، 20 مئی کو اپنے محبوب لیڈر عمران خان کے عظیم الشان جلسہ عام کے موقع پر ملتان کے عوام نہ صرف ان کا والہانہ استقبال کرے گی بلکہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ اس جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔

اسی طرح اپنے محبوب قائد عمران خان کی کال پر آزادی مارچ کیلئے بھی ملتان کے عوام، نوجوان، خواتین، مزدور، کسان، بلدیاتی نمائندے بھرپور انداز میں شرکت کرکے یہ ثابت کریں گے کہ ہم سب وطن عزیز پاکستان کی حقیقی آزادی چاہتے ہیں اور اس امپورٹڈ حکومت کو نامنظور اور اس کے خاتمے کیلئے سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے حلقے کی مختلف یونین کونسلوں کے اجتماعات اور مختلف ونگز کی موبلائزیشن میٹنگ میں لوگوں کا جوق در جوق شریک ہونا نہ صرف حوصلہ افزاء ہے، بلکہ عمران خان کے حقیقی آزادی کے بیانیہ کی بھی بھرپور حمایت کا اعادہ ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات