وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی نے جی ٹی روڈ ہری پور سے ایبٹ آباد تک کی مرمت کیلئے 20کروڑ روپےاین ایچ اے کو جاری کر دیئے

پیر 16 مئی 2022 21:18

حویلیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2022ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے شاہراہِ ریشم جی ٹی روڈ ہری پور سے ایبٹ آباد تک کی مرمت کےلیے 20 کروڑ روپےاین ایچ اے کو جاری کر دیئے۔مرتضیٰ جاوید عباسی نے دورہ حویلیاں ایوب پل کے موقع پر کہا کہ شاہراہِ ریشم جی ٹی روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، نااہل عمران حکومت نے اپنے ساڑھے تین سال میں ایک روپے کا فنڈ این ایچ اے کو نہیں دیا جس سے اس اہم شاہراہِ کی مرمت کا کام شروع کیا جا سکتا ہے، ہم نے 20 کروڑ روپے کا فوری فنڈ این ایچ اے کو جاری کر دیا ہے جس سے ہری پور سے ایبٹ آباد تک سڑک کی مرمت کا کام کیا جائے گا ۔

انہوں نے محکمہ این ایچ اے کے افسران کو ایوب پل کے مرمتی کام کو تیز کرنے بھی کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے بھی ایوب پل کے مسئلے کو اٹھایا لیکن سابقہ نااہل حکومت نے توجہ نہیں دی ، وزیراعظم میاں شہباز شریف نے چیئرمین این ایچ اے کو ایوب پل کی فوری مرمت کا حکم دیا ۔ا نہوں نے کہا کہ ایوب پل عید کے فوری بعد کھلنا تھا لیکن عید کی چھٹیوں کی وجہ سے کام لیٹ ہوا ۔اس موقع پر محکمہ این ایچ اے کے افسران نے وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی کو یقین دہانی کرائی کہ 10 دنوں میں ایوب پل کو عام ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا ۔مرتضیٰ جاوید عباسی نے این ایچ اے کے افسران کو لنگرہ پلی کو کشادہ اور بلیک ٹاپ کرنے کی بھی احکامات جاری کیے۔