ایف بی آر کے زیر اہتمام پی او ایس سکیم کی پانچویں انعامی قرعہ اندازی کی تقریب

پیر 16 مئی 2022 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2022ء) ایف بی آر کے زیر اہتمام پی او ایس سکیم کے تحت خریداری کرنے والے افراد کی انوائسز کی پانچویں انعامی قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد پیر کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔ ایف بی آر کے ممبر آئی آر آپریشن قیصر اقبال تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں پی او ایس سکیم کے تحت خریداری کرنیوالے ایک ہزار کسٹمرز کیلئے پچاس ہزار فی کسٹمر، اڑھائی اڑھائی لاکھ کے چار انعامات جبکہ پانچ پانچ لاکھ کے دو انعامات کے علاوہ 10 لاکھ کا بمپر پرائز بھی نکالا گیا۔

سابق صدر ایف پی سی سی آئی میاں انجم نثار ، صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے قرعہ اندازی کے ذریعے خوش نصیبوں کے نام نکالے ہیں۔ 10 لاکھ کا بمپر پرائز لاہور کی رہائشی ناصرہ انجم نے جیتا۔

(جاری ہے)

تقریب میں گزشتہ قرعہ اندازی میں انعام حاصل کرنے والوں کے ویڈیو پیغامات سکرین پر دکھائے گئے جس میں پچاس ہزار کا انعام جیتنے والی اسلام آباد کی رابعہ فیصل اور اڑھائی لاکھ کا انعام جیتنے والے کراچی کے عبد الواجد شیخ کا ویڈیو پیغام نشر کیا گیا جبکہ اڑھائی لاکھ کا انعام جیتنے والے لاہور کے رہائشی شیر عالم خان تقریب میں موجود تھے ۔

انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کی انعامی سکیم سے تمام شہری فائدہ اٹھائیں تاکہ ٹیکس قومی خزانے میں جمع ہو سکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایف بی آر کے ممبر آئی آر آپریشنز قیصر اقبال نے کہا کہ شہری خریداری کرتے وقت رسید ضرور حاصل کریں اور رسید کا نمبر ایف بی آر کی ٹیکس آسان ایپ ڈائون کر کے درج کریں۔ اس طرح وہ قرعہ اندازی کے اہل ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی او ایس قرعہ اندازی ہر ماہ کی 15 تاریخ کو منعقد کی جاتی ہے۔ اب تک پانچ قرعہ اندازیاں ہو چکی ہیں جس کے ذریعہ لاکھوں روپے کے انعامات تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ تقریب میں چیف کمشنر ٹیکس پیئر احمد شجاع خان ، چیف کمشنر کارپوریٹ ٹیکس آفس لاہور طارق چودھری، چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس ناصر اقبال سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔