اے اے آئی بی کراچی طیارہ حادثہ کی حتمی رپورٹ کی تیاری میں مصروف، خواجہ سعد رفیق کا دوسری برسی پر جاں بحق مسافروں کے خاندانوں کے ساتھ اظہار افسوس،حتمی رپورٹ جلد منظر عام پر لانے کی یقین دہانی

اتوار 22 مئی 2022 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2022ء) ایوی ایشن ڈویژن کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ(اے اے آئی بی)کی ٹیم دو سال قبل جناح انٹرنیشنل ہوائی اڈے کراچی کے قریب پیش آنے والے پی آئی اے کے طیارے کے حادثے کی حتمی رپورٹ کے مسودے کی تیاری میں مصروف ہے، وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے حادثہ کی دوسری برسی کے موقع پر حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں اور عزیزو اقارب کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور یقین دلایا ہے کہ حتمی رپورٹ جلد از جلد منظر عام پر لائی جائے گی۔

ترجمان نے اتوار کو جاری ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ 22 مئی 2020کو دو سال قبل پیش آنے والے فضائی حادثہ میں جہاز میں سوار 99 میں سے 97 مسافروں سمیت زمین پر ایک شخص اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 02 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے، طیارے حادثہ کی تحقیقات ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ(اے اے آئی بی) کی طرف سے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

کوویڈ۔

19 وبائی مرض اور متعلقہ چیلنجوں کی وجہ سے پابندیوں کے باوجود، اب تک ٹیم نے تمام مطلوبہ شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور فی الحال حتمی رپورٹ کے مسودے پر کام جا ری ہے۔ بدقسمت فضائی حادثے کا دکھ اور صدمہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر یکساں محسوس کیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے فوری طور پر فضائی حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا اور اے اے آئی بی نے پاکستان میں فضائی حادثے کی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ۔

افسوسناک حادثے کے ایک ماہ بعد ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ عوامی سطح پر جاری کی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے ذریعے بنائے گئے روڈ میپ کے مطابق اے اے آئی بی کی تحقیقاتی ٹیم نے بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے حادثے کی بنیادی وجہ کی تحقیقات کے لیے غیر ملکی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر متعلقہ شواہد کی وسیع تلاش شروع کر دی۔

کوویڈ۔19 وبائی مرض اور متعلقہ پابندیوں اور چیلنجوں کے باوجود ٹیم نے تمام مطلوبہ شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور فی الحال حتمی رپورٹ کے مسودے پر کام کر رہی ہے۔ جس کی ھدایات کے مطابق اے اے آئی بی پاکستان نے دوسرا عبوری بیان جاری کر دیا ہے کہ جو ایوی ایشن ڈویژن کی ویب سائٹ پر عمومی طور پر دستیاب ہے۔ وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے حادثہ کی دوسری برسی کے موقع پر افسوسناک ہوائی حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے غمزدہ خاندانوں اور دوستوں کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور یقین دلایا ہے کہ حتمی رپورٹ جلد از جلد منظر عام پر لائی جائے گی۔