وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان ورلڈ اکنامک فورم 2022 میں پاکستان کے ماحولیاتی چیلنجز کو اٹھائیں گی

اتوار 22 مئی 2022 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2022ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان ورلڈ اکنامک فورم 2022 کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کو درپیش ماحولیاتی تبدیلی کےمسائل کو اٹھائیں گی۔ اتوار کو وزارت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق فورم میں سیاست، کاروبار، سول سوسائٹی اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے تقریباً 2500 رہنما شرکت کریں گے۔

اس سال کا تھیم "تاریخ ایک اہم موڑ پر" ہے جس میں دنیا کو درپیش چیلنجز بشمول عالمی وبائی امراض، یوکرین میں جنگ، جیو اکنامک مسائل اور ماحولیاتی تبدیلی اور دیگر موضوعات پر بات چیت ہوگی ۔سینیٹر شیری رحمان ماحولیاتی تبدیلی کے عالمی برادری اور پاکستان پر اس کے اثرات متعلق متعدد تقریبات میں شرکت کریں گی۔

(جاری ہے)

اس سال موسمیاتی تبدیلی اجلاس میں ایک اہم ایجنڈا ہے اور یہ ملک میں گرمی کی لہروں اور گلاف کے واقعات کے لیے بھی انتہائی موزوں ہے۔

چونکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 ممالک میں شامل ہے، اس لیے وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان توانائی کی منتقلی، سائیکلیکل اکانومی، خواتین کے ساتھ ساتھ جمہوریت اور اس کے عالمی مستقبل کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی فورم سے خطاب کریں گی۔وفاقی وزیر عالمی اداروں اور ملکی وفود کے ساتھ ملاقاتیں بھی کریں گی۔ورلڈ اکنامک فورم ہر سال سیاسی اور کاروباری رہنماؤں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں، سول سوسائٹی اور دنیا بھر سے نوجوانوں کو اجتماعی طور پر عالمی مسائل کے باہمی حل تک پہنچنے کی کوشش میں اکٹھا کرتا ہے۔