Live Updates

موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے لائحہ عمل تبدیل کیا ہے

ہم سری نگر ہائی وے سے ہوتے ہوئے ڈی چوک پہنچیں گے، اٹک پل پر ہمیں روکنے کی کوشش کی جائے گی، اگر اٹک پل عبور کرلیں گے تو منظر نامہ بالکل تبدیل ہوجائے گا، شہباز گل کا اہم بیان

muhammad ali محمد علی بدھ 25 مئی 2022 00:52

موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے لائحہ عمل تبدیل کیا ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2022ء) شہباز گل کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے لائحہ عمل تبدیل کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا گیا کہ تحریک انصاف نے اسلام آباد مارچ کے حوالے سے لائحہ عمل تبدیل کیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہم سری نگر ہائی وے سے ہوتے ہوئے ڈی چوک پہنچیں گے، اٹک پل پر ہمیں روکنے کی کوشش کی جائے گی، اگر اٹک پل عبور کرلیں گے تو منظر نامہ بالکل تبدیل ہوجائے گا۔

انشا اللہ پاکستان کی تقدیر بدلنے جارہی ہے بہت سے لوگوں کے چہرے بے نقاب ہوجائیں گے۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد لانگ مارچ سے قبل منگل کی رات کو عوام کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)


عمران خان نے کہا کہ کل میں خود حقیقی آزادی مارچ کی خیبرپختونخواہ سے قیادت کروں گا، میں سری نگرہائی وے سے ہوتا ہوا ڈی چوک پہنچوں گا۔

ہمیں اللہ کے علاوہ کبھی کسی کے سامنے جھکنے کی ضرورت نہیں ہے، موقع ملا ہے کہ فیصلہ کریں ہم غلام رہیں گے یا آزاد ہوجائیں گے۔ ہمارا ایک مقصد ہے الیکشن کرائیں اور اسمبلی تحلیل کریں، کل حقیقی آزادی مارچ کی قیادت کرونگا، قوم سے کہتا ہوں جیلوں سے ڈرنا نہیں ہے، عوام کی جتنی تعداد ہوگی اتنی جیلوں میں جگہ نہیں ہے، میں خاص طور پر اسلام آباد اور راولپنڈی سے چاہوں گا کہ وہاں سے لوگ نکلیں، ہم اگر اب نہیں نکلیں گے تو ہماری آئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی، قوم سے اپیل ہے کل ہمیں موقع مل رہا ہے اس کو ضائع نہ ہونے دیں۔

عمران خان نے کہا کہ عوام جہاد سمجھ کر کل باہر نکلیں، ہم پر امریکا کے غلاموں کو مسلط کیا گیا ہے، غلاموں میں ہمت نہیں کہ امریکا کو جواب دے سکیں، پاکستان میں اس وقت کرپٹ لوگوں کو استعمال کیا جارہا ہے، ہمیں وہ موقع ملا ہے کہ اپنے ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرسکیں، میرے پاکستانیوں اس موقع کو ضائع نہ ہونے دینا، ملکی آزادی کی جدوجہد کرنا جہاد ہے حقیقی آزادی کیلئے جہاد سمجھ کر نکلیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان پر ڈرون حملے ہورہے تھے تو ان غلاموں کو جرات نہ تھی، باہر کے سامراجوں کو اس قسم کے غلاموں کی ضرورت ہوتی ہے، حقیقی آزادی میں کامیاب ہوگئے تو ان کٹھ پتلیوں سے بھی آزاد ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی سے ڈکٹیشن یا غلامی کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، پاکستانی قوم غیرت مند ہے ہمیں کسی کے سامنے جھکنے کی ضرورت نہیں، اوپر جو کرپٹ ٹولہ بیٹھا ہوا ہے اس نے قوم کو غلام بنایا ہوا ہے، یہ کرپٹ ٹولہ غلام ہے ان کے پیسے باہر پڑے ہوئے ہیں پیسوں کےغلام ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات