Live Updates

فوج اگر اقتدار میں آنا چاہتی ہے تو بلا رکاوٹ حکومت چھوڑنے کو تیار ہیں ؛ خورشید شاہ

عمران خان کے مطالبے پر انتخابات قبل از وقت نہیں کرائیں گے‘ ہم نے حکومت شوق سے نہیں لی اس خطرناک وزن کو اٹھایا ہے اور اگر کسی میں اس وزن کو اٹھانے کی اتنی طاقت ہے تو وہ اٹھا لے ۔ وفاقی وزیر کا امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 مئی 2022 13:50

فوج  اگر اقتدار میں آنا چاہتی ہے تو بلا رکاوٹ حکومت چھوڑنے کو تیار ہیں ..
اسلام اباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 مئی 2022ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء اور وفاقی وزیر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگر فوج اقتدار میں آنا چاہتی ہے تو ہم بلا رکاوٹ حکومت چھوڑنے کو تیار ہیں لیکن عمران خان کے مطالبے پر انتخابات قبل از وقت نہیں کرائیں گے ۔ امریکی نشریاتی ادارے ’وائس آف امریکہ‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتیں شوق سے حکومت میں نہیں آئیں، معیشت کی خطرناک حد تک خراب صورت حال میں اسے سنبھالنا آسان نہیں ہے ، اتحادی جماعتوں کا یہ حتمی فیصلہ ہے کہ حکومت اپنی مدت مکمل کرے گی اور قبل از وقت انتخابات کے بارے میں ہمیں اب نہیں سوچنا ، ہم نے حکومت شوق سے نہیں لی، اس خطرناک وزن کو اٹھایا ہے اور اگر کسی میں اس وزن کو اٹھانے کی اتنی طاقت ہے تو وہ اٹھا لے۔

(جاری ہے)


وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومتی جماعتیں چاہتی تھیں کہ انتخابی اصلاحات کے بعد رواں سال اکتوبر یا نومبر میں انتخابات کرائے جائیں لیکن عمران خان کی قبل از وقت انتخابات کی دھمکی کے بعد اس فیصلے کو ترک کردیا گیا ، عمران خان کے مطالبے پر ہم انتخابات کی تاریخ دے رہے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات اگست 2023 میں ہوں گے ۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں استحکام نہیں چاہتے بلکہ ان کی سیاست انتشار پر مبنی ہے ، عمران خان ایک ماہ سے حکومت کے خلاف جلسے کررہے ہیں لیکن ان عوامی اجتماعات میں وہ اپنی حکومت کا ایک کارنامہ بھی نہیں بتا سکے ، اگر عمران خان نے اسلام آباد کی جانب مارچ کے دوران قانون ہاتھ میں لیا تو پھر حکومت حرکت میں آئے گی ، اسلام آباد کی جانب مارچ کے دوران اگر کوئی نقصان یا قتل و غارت ہوئی تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے اور ان کے خلاف ہی مقدمات بنائے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات