وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعاتچوہدری محمد رفیق نیئر کی یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کی شدید مذمت

جمعرات 26 مئی 2022 23:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2022ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات،سمال انڈسٹریز و ماحولیات چوہدری محمد رفیق نیر نے سینئر حریت رہنماء اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی جانب سے عمر قید کی سزا سنانے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے محمد یاسین ملک کو من گھڑت اور بے بنیاد الزامات پر سزا سنائے جانے کے عمل پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محمد یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی جانب سے عمر قید کی سزا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں طویل عرصہ سے قید محمد یاسین ملک کو عمر قید کی سزا دینے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، سینئر کشمیری رہنما ء کو بھارتی عدالت کی جانب سے مودی حکومت کی ایماء پر عمر قید سنانے کے غیر منصفانہ فیصلے سے حق خودارادیت کے لئے برسر پیکار کشمیریوں کے عزم کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محمد یاسین ملک کو من گھڑت الزامات پر سزا دی گئی ہے جس کا کوئی جواز نہیں تھا ،یہ سزا بھارتی فوج کی ایما پر دی گئی جسے کشمیری نہیں مانتے۔

انہوں نے کہا کہ یسین ملک ایک دلیر کشمیری لیڈر ہیں جن کی ساری جدوجہد آزادی کشمیر سے عبارت ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کشمیری عوام بھارت کی جانب سے یسین ملک کو سنائی جانے والی سزا کے خلاف سراپا احتجاج ہیں کیونکہ بھارت نے تمام تر قوانین کو بالائے طاق رکھ کر یسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔