سرگودھا کے رہائشی منی ایکسچینج کا کاروبار کرنے والے شوہر کو اس کی بیوی نے ہی لوٹ لیا

اقراء میرے گھر آتے ہی پہلی واردات 2020 میں کی، گھر سے 4 کروڑ روپے کے پرائز بانڈز اور نقدی چوری کرکے لے گئی

جمعہ 27 مئی 2022 12:14

سرگودھا کے رہائشی منی ایکسچینج کا کاروبار کرنے والے شوہر کو اس کی بیوی ..
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2022ء) سرگودھا کے رہائشی منی ایکسچینج کا کاروبار کرنے والے شوہر کو اس کی بیوی نے ہی لوٹ لیا۔سرگودھا شہر کے رہائشی منی ایکسچینج کے کاروبار کرنے والے سیف اللہ نامی شخص نے بتایا کہ 7 برس قبل مقام حیات کی رہائشی اقرا نامی خاتون سے 52 برس کی عمر میں شادی کی۔سیف اللہ نے بتایا کہ وہ اقرا نامی خاتون کو بہت پسند کرتا تھا مگر افسوس اس نے میرے گھر آتے ہی پہلی واردات 2020 میں کی، گھر سے 4 کروڑ روپے کے پرائز بانڈز اور نقدی چوری کرکے لے گئی جبکہ بیوی نے دوسری واردات 2021 اور تیسری واردات ایک ہفتہ قبل کی۔

متاثرہ منی چینجر نے بتایا کہ چوری کی واردات کے بعد بھی میں محبت میں اس قدر اندھا ہو گیا تھا کہ اقرا کی چکنی چپڑی باتوں میں آکر اسے اپنے گھر لے آتا، اب مذکورہ خاتون نے اپنے رشتہ داروں کے ذریعے دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

سیف اللہ نے بتایا کہ اقرا پہلے سے شادی شدہ تھی اور تین بچوں کی ماں تھی، میرا گھر بھی اجڑ گیا جس سے محبت کی شادی کی اس نے بھی آنکھیں دکھانا شروع کر دیں۔ڈی ایس پی سٹی سرکل تصور عباس کا کہنا ہے کہ سیف اللہ کی درخواست پر گزشتہ ڈھائی سالوں کے درمیان اقرا کیخلاف 3 مقدمات درج ہوئے، 80 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی جا چکی ہے جبکہ مزید تفتیش کی جا رہی ہے اور تینوں مقدمات زیر تفتیش ہیں۔