بلد یا تی انتخابات کے پولنگ عملے کو مکمل سیکورٹی اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وزیراعلیٰ بلوچستان

ہفتہ 28 مئی 2022 23:47

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں آج ہو نے والے بلدیاتی انتخابات کے انتظامات اور سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی آئی جی پولیس محسن حسن بٹ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری لعل جان جعفر اور کمشنرز نے بزریعہ ویڈیو لنک شرکت کی، اجلاس کو ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ ہاشم خان غلزئی نے پولنگ اسٹیشنوں اور سیکورٹی کے عمومی انتظامات جبکہ سیکریٹری محکمہ بلدیات دوستین جمالدینی نے پولنگ انتظامات بریفنگ دی، بریفنگ دیتے ہوئے حکا م نے بتایا کہ صوبے کے 34 اضلاع میں سے 32 اضلاع میں آج پولنگ ہوگی،صوبے میں پرامن ماحول میں صاف و شفاف انتخابات کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ الیکشن کمیشن اور پولنگ عملے کو ہر ممکن معاونت اور سہولیات فراہم کر رہی ہے،پولنگ کا سامان دور دراز کے علاقوں تک بھی پہنچا دیا گیا،قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے الر ٹ اور مشترکہ سیکورٹی پلان کے مطابق فرائض انجام دے رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ کوئیک رسپانس فورس ہر قسم کی صورتحال سے نٹنے کے لئے تیار ہیں، انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ محکمہ بلدیات اور کمشنرز کے دفاتر میں کنٹرول قائم کر دئے گئے ہیں،اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ بلو چستان نے کہا ہے کہ زیادہ حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے اضافی انتظامات کئے گئے ہیں،حکومتی ادارے اور انتظامیہ انتخابی عمل میں مکمل طور پر غیر جانبدار رہیں،حکومت کے لئے تمام امیدوار یکساں ہیں اور کسی بھی امیدوار کی ہار جیت سے کوئی تعلق نہیں، انہوں نے ہدایت کی کہ انتخابات کے پولنگ عملے کو مکمل سیکورٹی اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، پولنگ کے دوران عوام امیدواروں اور عملے کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے، انہوں نے کہاکہ سیکورٹی اہلکاروں اور انتخابی عملے کو لاجسٹک سپورٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے،بلدیاتی انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں،ہم نے انتخابات کے غیر جانبدارانہ اور صاف و شفاف انعقاد کو ہر صورت یقینی بنانا ہے، امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت برقرار رکھا جائے،انہوں نے ہدایت کی کہ امیدواروں کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے۔