سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے گرد اینٹی کرپشن کا گھیرا تنگ

اینٹی کرپشن کی ٹیم نے تونسہ اور ڈی جی خان کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے،سابق وزیراعلی گھر میں موجود نہیں تھے

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 22 جون 2022 13:24

سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے گرد اینٹی کرپشن کا گھیرا تنگ
ڈی جی خان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22جون 2022ء ) سابق وزیراعلی پنجاب عثما ن بزدار کیخلاف محکمہ اینٹی کرپشن متحرک ہو گیا، اینٹی کرپشن کی ٹیم نے عثما ن بزدار کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے ،تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن کی ٹیم کی جانب سے سابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی تونسہ اور ڈی جی خان میں واقع گھروں میں چھا پے مارے گئے، بتایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن کے چھاپوں کے دوران عثمان بزدار دونوں مقامات پر موجو د نہیں تھے جبکہ بزدار ہاوس پر چھاپوں کے دوران کوئی گرفتار ی نہیں ہو ئی۔

میڈیا رپورٹس میں بتا یا گیا کہ لاہور ہا ئیکورٹ بہاولپور بینچ سے عثما ن بزدار نے عبوری ضمانت کروا رکھی ہے ۔واضح رہے کہ سابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور ان کے بھائیوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے، مقدمات میں سرکاری زمین کو جعلسازی سے اپنے نام منتقل کروانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے خلاف اینٹی کرپشن میں دو مقدمات درج کر دئیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غاذی خان کی انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر مقدمات درج کئے گئے۔مقدمات میں سابق وزیراعلی کے بھائیوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمات میں سرکاری زمین کو جعلسازی سے اپنے نام منتقل کروانے کی دفعات شامل کی گئیں ۔عثمان بزدار نے 900 کنال سرکاری زمین کی الاٹمنٹ کے بارے میں جعلی لیٹر تیار کروایا۔ 1986 میں جعلی انتقالات درج کروانا ظاہر کیا اور زمین کو ہتھیا لیا۔

عثمان بزدار اور بھائیوں نے تونسہ میں کروڑوں روپے مالیت کی 900 کنال سرکاری زمین جعلی طور پر اپنے نام منتقل کروائی۔ ملزمان کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن ڈی جی خان میں مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کیاگیا جبکہ اسی سلسلے میں اینٹی کرپشن نے عثمان بزدار کی تونسہ اور ڈی جی خان کے گھروں میں چھا پے مارے،عثمان بزدار دونوں مقامات پر موجو د نہیں تھے