ہم علم کی روشنی پھیلانے کے لئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ، ڈائریکٹر مسلم ہینڈز پاکستان

جمعہ 24 جون 2022 16:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2022ء) مسلم ہینڈز پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر سید ضیاء النور شاہ نے کہا ہے کہ ہماری تنظیم دنیا کے 50 سے زائد ممالک میں کام کر رہی ہے ، ملک کے 66 اضلاع کی طرح بلوچستان کے طول و عرض میں بھی تعلیم ، صحت ، کھیلوں کے فروغ اور پینے کے پانی کی فراہمی کے شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، بلوچستان میں سالانہ 25 کروڑ روپے فلاحی کاموں پرخرچ کررہے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نےکوئٹہ پریس کلب کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند ، جنرل سیکرٹری بنارس خان ، سینئر صحافی رضا الرحمٰن ، مسلم ہینڈز پاکستان کے بلوچستان میں ریجنل ڈائریکٹر ملک نعیم زرک زہری ، حفیظ ، ہاشم خان ، کاشف ، حفیظ اللہ سمیت دیگر بھی موجود تھے ،سید ضیاءالنور شاہ نے بتایا کہ مسلم ہینڈز فرانس ، برطانیہ ، سائوتھ افریقہ اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستان کے شہریوں کی تنظیم ہے ، بلوچستان میں 2000 میں کام کا آغاز کیا ، پہلے مرحلے میں مسلم ہینڈز پاکستان کی جانب سے کمیونٹی بیسڈ ون ٹیچر پر مشتمل اسکول قائم کئے گئے جو ورلڈ بینک کے تعاون سے اس وقت کے گورنر بلوچستان اویس احمد غنی نے ہمارے اس ماڈل کو اپناتے ہوئے بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے 196 کمیونٹی سکول ہمارے حوالے کیے جنہیں پانچ سال میں پرائمری اسکول تک لے جاکر واپس محکمہ تعلیم کو دینے تھے ، ان 196 میں سے ہمیں 69 سکول دیئے گئے اور اب ان میں سے 35 سکول باقی رہ گئے ہیں،تعلیمی شعبوں میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیز کی سطح پر طلباء و طالبات کی مدد کررہے ہیں ، اس وقت کوئٹہ میں افغان بچوں کو ہمارا سکول تعلیم دے رہا ہے ، کوئٹہ میں پہلا نجی کمپیوٹر کالج 2001 میں ہمارے ادارے نےقائم کیا اور کم فیس پر لوگوں کو سہولت فراہم کی اور اب تک اس ادارے سے 20 ہزار سے زائد طلباء و طالبات فارغ ہوچکے ہیں ، ہم علم کی روشنی پھیلانے کے لئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ،ہماری تنظیم کے توسط سے 50 ہزار بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کررہی ہیں، اعلیٰ تعلیم کے لئے انہیں سپورٹ کرتے ہیں ،ہماری تنظیم بلوچستان کے لوگوں کے لئے صحت کی سہولت کے لئے 9 بی ایچ یوز میں کمرے تعمیر کرکے دے رہی ہے ، بلوچستان یونیورسٹی میں بھی بی ایچ یوز تعمیر کرکے ایمبولینس دی ہے اور مزید 6 بی ایچ یوز میں سہولیات فراہم کررہے ہیں،بلوچستان میں رمضان پیکج قدرتی آفات سمیت مالی امداد کے حوالے سے سالانہ 25 کروڑ روپے خرچ کررہے ہیں ۔