ظہیر عباس بدستور آئی سی یو میں ہیں، بھائی صغیر عباس کی دعائوں کی اپیل

گردوں کی تکلیف میں کمی نہیں آئی،تکلیف کی وجہ سے ڈائیلیسز پر ہیں، آج بھی بذریعہ آکسیجن سانس دی جارہی ہے، 2 دن پہلے بیٹی نے ویڈیو پر چند منٹ بات کرائی تھی،دعاؤں کی درخواست ہے: صغیر عباس

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 25 جون 2022 13:37

ظہیر عباس بدستور آئی سی یو میں ہیں، بھائی صغیر عباس کی دعائوں کی اپیل
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 جون 2022ء ) سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس کے بھائی صغیر عباس نے کہا ہے کہ ظہیر عباس بدستور آئی سی یو میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ظہیر عباس کے گردوں کی تکلیف میں کمی نہیں آئی، گردوں کی تکلیف کی وجہ سے ظہیر عباس ڈائیلیسز پر ہیں۔ صغیر عباس نے کہا کہ ظہیر عباس کو آج بھی آکسیجن کے ذریعے سانس دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ظہیر عباس سے دو دن پہلے بیٹی نے ویڈیو پر چند منٹ بات کرائی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ظہیر عباس کی طبیعت میں مکمل بہتری نہیں آئی، دعاؤں کی درخواست ہے۔ ظہیر عباس نے اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر کا آغاز 1969ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف کیا تھا، انہوں نے 72 ٹیسٹ میچوں میں 5062 رنز اور 62 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 2572 رنز بنائے ہیں۔

(جاری ہے)

سابق بلے باز کو اپنے دور کا سٹائلش بلے باز سمجھا جاتا تھا، وہ برصغیر کے واحد بلے باز ہیں جنہوں نے فرسٹ کلاس میچوں میں 100 سے زائد سنچریاں بنائیں، جس پر انہیں ایشین بریڈمین کا لقب ملا تھا۔

ظہیر عباس ایک روزہ میچوں میں جدت اور نئے انداز اپناتے تھے، بیٹنگ میں ان کی اوسط 47 سے زائد اور سٹرائیک ریٹ تقریباً 85 ہے، جو اس وقت سر ویوین رچرڈز کے بعد بہترین سٹرائیک ریٹ تھا، اپنے کیرئیر میں انہوں نے 14 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان ٹیم کی قیادت کی۔ ظہیر عباس نے 66-1965ء سے 87-1986ء کے درمیان 108 فرسٹ کلاس سنچریاں اور 158 نصف سنچریاں بنائیں۔

متعلقہ عنوان :