خ*لاہور پولیس نے رواں ماہ کے دوران 825منشیات فروش گرفتارکئی: سہیل چودھری

پیر 27 جون 2022 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2022ء) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کیپٹن(ر) محمد سہیل چودھری نے کہا ہے کہ منشیات فروش ناصرف سماج کے دشمن ہیں بلکہ نوجوان نسل کو منشیات کی لًت لگا کر پاکستان کا مستقبل تباہ کرنے کے درپے ہیں۔ لاہور پولیس ایسے سماج دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹ رہی ہے ۔ عوام میں منشیات کے خلاف شعور اُجاگر کرنے کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جارہی ہے۔

لاہور پولیس نشے کے عادی افرادسے روایتی طریقے سے نمٹنے کی بجائے اُنکی بحالی کیلئے سنجیدہ اقدامات اُٹھا رہی ہے۔ سیکرٹری ہیلتھ اور ضلعی انتظامیہ کی مدد سے نشے کے عادی افراد کوایل آئی ایم ایچ ایس میں داخل کروایا جارہا ہے جبکہ 02 سرکاری ہسپتالوں میں نشے کے عادی افراد کے علاج و معالجہ کیلئے وارڈز مختص کرنے کی سمری حکومت پنجاب کو بھجوائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چودھری نے بتایا کہ رواں ماہ کے دوران 825منشیات فروش گرفتار کر کی812مقدمات درج کئے گئے۔ منشیات فروشوں کے قبضہ سے 02کلو753گرام آئس،504 کلو گرام سے زائد چرس،04 کلو832 گرام ہیروئن،05ہزار859 لِٹر شراب برآمد کی گئی۔ سہیل چودھری نے کہا کہ منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ڈویژنل ایس پیز منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کریں۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ منشیات سے پاک لاہور کو یقینی بنانے کیلئے عوام اس جہاد میں لاہور پولیس کا ساتھ دیںاور اپنے اپنے علاقے میں ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف پولیس کو اطلاع دیں تاکہ معاشرے سے منشیات کی لعنت کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔ سہیل چودھری نے کہا کہ منشیات فروشوں کے بارے اطلاع دینے والے شہری کا نام صیغہ راز میں رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور اُنکو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں